بلوچستان: کورونا مریضوں کی تعداد 8 ہزار سے زائد ہوگئی

  • June 15, 2020, 11:24 am
  • COVID-19
  • 183 Views

بلوچستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 8 ہزار سے تجاوز کرگئی، پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے پانچ اضلاع میں کورونا کے 162 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، صوبے میں کورونا کا شکار مزید تین مریض انتقال کرگئے، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 83 ہوگئی۔

محکمہ صحت بلوچستان کی جاری رپورٹ کے مطابق پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے پانچ اضلاع میں کورونا کے 162نئے مریضوں کے سامنے آنے کے بعد صوبے میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی مصدقہ تعداد 8028 ہوگئی ہے۔

مصدقہ مریضوں میں سے 98 فیصد یعنی 7880 مریض مقامی سطح پر وائرس کا شکار ہوئے ہیں جن میں سے 6393 کا تعلق کوئٹہ، 199 کا جعفرآباد، 147 کا قلعہ عبداللّٰہ اور 141 کا تعلق مستونگ سے ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں 73 مریضوں کے صحت یاب ہونے کے بعد اب تک صوبے میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی مجموعی تعداد 2795 ہوگئی ہے۔ صوبے میں کورونا کے 5150 مریض زیر علاج ہیں جبکہ 1025 افراد کے کورونا ٹیسٹ کے نتائج آنا باقی ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق صوبے کے مختلف علاقوں میں 1935 افرا د کو قرنطینہ مراکز میں رکھا گیا ہے۔

کوئٹہ اور پشین میں کورونا کا شکار ہونے والے 3 مریضوں کے انتقال سے صوبے میں اب تک وائرس سے جاں بحق ہونے والے مریضوں کی تعداد 83 ہوگئی ہے، اس دوران 57 مشتبہ مریضوں کی بھی اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔