سشانت سنگھ راجپوت کی آخری رسومات کے وقت بھابھی بھی انتقال کر گئیں

  • June 16, 2020, 3:16 pm
  • World News
  • 717 Views

سشانت سنگھ راجپوت کی بھابھی کا انتقال ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق بالی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی جانب سے 14 جون کی دوپہر کو خودکشی کی خبرنے بھارت سمیت دنیا بھر میں ان کے مداحوں کو شدید غم زدہ کر دیا۔سشانت کی خودکشی کی خبر ان کے اہلخانہ کے لیے بھی صدمے کا باعث بنی،اور اب ایک اور افسوسناک خبر سامنے آئی ہے کہ سشانت سنگھ راجپوت کی بھابھی کا بھی انتقال ہو گیا ہے۔
گذشتہ روز اداکار کی آخری رسومات ادا کی گئی تھیں،سشانت کی آخری رسومات کے بعد ان کی بھابھی کا بھی انتقال ہو گیا۔ٹائمز آف انڈیا کے مطابق سشانت کے کزن کی اہلیہ ، سدھا دیوی بہار کے آبائی علاقے پورنیا میں انتقال کر گئیں۔ان کا انتقال اس وقت ہوا جن سشانت کی آخری رسومات ممبئی میں ادا کی جا رہی تھیں،رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وہ سشانت کی موت کا صدمہ برداشت نہیں کر سکی تھی،اور ان کی خودکشی کی خبر کے بعد کھانا پینا بھی چھوڑ دیا تھا۔
سشانت کی موت سے 2 دن قبل ہی ان کی مینیجر 28 سالہ ڈیشا سالین اپنی رہائش گاہ پر مردہ پائی گئی تھیں۔خیال رہے کہ14 جون کو معروف بالی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت نے اپنی رائشگاہ پر خودکشی کرلی تھی، 34 سالہ سشانت سنگھ راجپوت کی پھندہ لگی لاش ممبئی میں ان کی رہائش گاہ سے ملی، اطلاع پر پولیس نے اداکار کی رہائش گاہ پر پہنچ کر ان کے کمرے کے دروازے کو توڑ کر ان کی لاش کو پھندے سے اتارا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سشانت کی لاش ممبئی کے علاقے باندرہ میں انکی رہائشگاہ سے برآمد ہوئی۔ ممبئی پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیق سے پتا چلا ہے کہ سشانت سنگھ راجپوت نے ڈپریشن کی وجہ سے خودکشی کی، تاہم اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔ہندوستان ٹائمز کے مطابق سشانت سنگھ راجپوت نے دوستوں کی موجودگی میں اپنی رہائش گاہ پر خود کو کمرے میں بند کرکے مبینہ طور پر خودکشی کی۔ خیال رہے کہ سشانت سنگھ کی آخری فلم 2019 میں 'چھچھورے' کے نام سے ریلیز ہوئی تھی جس نے باکس آفس پر دھوم مچا دی تھی۔ لاک ڈاؤن کے بعد انکی ایک اور فلم 'دل بیچارہ' آنے والی تھی۔ اس سے قبل معروف بھارتی کرکٹر ایم ایس دھونی پر بننے والی فلم میں بھی سشانت سنگھ مرکزی کردار ادا کرچکے ہیں۔