اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد سب سے زیادہ ہونے کی وجہ سامنے آ گئی

  • June 16, 2020, 4:25 pm
  • COVID-19
  • 182 Views

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ مجموعی کورونا کیسز کی بات کی جائے تو اس وقت اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد بلوچستان بھر کے کورونا کیسز کی تعداد سے زیادہ ہے۔ اس حوالے سے اردونیوز سے بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے اس کی وجہ بتائی ہے۔
بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ غلط فہمی سی پھیل رہی ہے کہ اسلام آباد میں کیسز بہت زیادہ ہیں مگر اس کی وجہ یہ ہے کہ اسلام آباد میں روزانہ تین ہزار کے قریب ٹیسٹ ہو رہے ہیں۔ ان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد میں ٹیسٹوں کی شرح سب سے بہتر، شرح اموات ایک فیصد سے کم ہے۔ بات کرتے ہوئے حمزہ شفقات کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں جتنے ٹیسٹ کیے گئے ہیں وہ بلوچستان، گلگت بلتستان اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے کل ملا کر کیے گئے ٹیسٹوں سے بھی زیادہ ہیں۔
حمزہ شفقات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد سے جڑے ہوئے راولپنڈی شہری میں روزانہ 90 ٹیسٹ ہو رہے ہیں جبکہ اسلام آباد میں تین ہزار۔ اب اگر 90 ٹیسٹ ہوں اور کہیں کہ پچاس مثبت آ گئے ہیں بڑے کم ہیں بہت کم ہیں تو بھئی 90 ٹیسٹ کریں گے تو پچاس ہی آئیں گے۔ ہمارے تین ہزار میں سے پانچ سو مثبت آتے ہیں یعنی کہ ہماری سو میں سے مثبت آنے والے ٹیسٹوں کی شرح 16 ہے جو کہ بہت خطرناک نہیں ہے۔
ڈی سی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں ٹیسٹنگ کی رفتار میں مزید تیزی لائی جائے گی جس کے بعد متاثرہ افراد کو قرنطینہ کیا جاتا رہے گا۔ خیال رہے کہ پوری دنیا کی طرح پاکستان بھر میں کورونا کا وار تیز ہوتا جا رہا ہے جس کے بعد اگر مجموعی کیسز کی تعداد کی بات کی جائے تو پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 111 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جس کے ساتھ ہی ملک میں مہلک وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 2 ہزار 839 ہو گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ سینٹر نے بتایا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز میں کمی آنا شروع ہو گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سوموار کے روز ملک بھر میں کورونا کے 4443 کیسز سامنے آئے تھے جبکہ اتوار کے اعداد و شمار کو سامنے رکھ کر جائزہ لیا جائے تو سوموار کو 805 کیسز کم رپورٹ ہوئے، جاری اعداد و شمار سے پتا چلتا ہے کہ 14 جون کے روز پاکستان میں مثبت کیسز کی تعداد 5248 تھی۔ واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے اب تک 1 لاکھ 48 ہزار 921 افراد متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے 56 ہزار 390 صحت یاب ہو گئے ہیں۔ پاکستان میں کورونا کے باعث مجموعی اموات کی تعداد 2839 ریکارڈ کی گئی ہے۔