کراچی کے متعدد علاقوں میں دو جولائی تک مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ

  • June 18, 2020, 11:36 am
  • COVID-19
  • 103 Views

کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث کراچی کے متعدد علاقوں میں دو جولائی تک مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ۔ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے 6 اضلاع میں واقع متعدد یونین کونسلز میں مکمل لاک ڈاؤن، لاک ڈاؤن 2 جولائی تک جاری رہے گا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حکومت ایک مرتبہ پھر حرکت میں آ گئی ہے۔
سندھ حکومت نے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز اور اموات میں مسلسل اضافے کے بعد کراچی کے 6 اضلاع میں مکمل لاک ڈاؤن کے نفاذ کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کمشنر کراچی کی جانب سے جاری ایک سرکلر میں آگاہ کیا گیا ہے کہ ضلع کورنگی، ضلع جنوبی، ضلع مشرقی، ضلع مغربی، ضلع ملیر اور ضلع وسطی میں دو جولائی تک مکمل لاک ڈاؤن رہے گا جس کا اطلاق آج شام 7 بجے سے ہوگا۔

لاک ڈاؤن کے دوران گھر کے صرف ایک فرد کو باہر نکلنے کی اجازت ہوگی جبکہ ماسک پہننا اور شناختی کارڈ دکھانا بھی لازمی ہوگا۔ مزید بتایا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران گھروں میں کسی قسم کی کوئی تقریبات نہیں ہوں گی۔