کراچی میں قائم قرنطینہ سینٹر میں سانپ نکل آیا

  • June 18, 2020, 11:39 am
  • COVID-19
  • 95 Views

مختلف ممالک سے وطن واپس لوٹنے والے پاکستانیوں کو کراچی میں کورونا وائرس کے سلسلے میں آئیسولیٹ کرنے کے لیے سرجانی ٹاون تھانے کی حدود میں شہر کے دور افتادہ علاقے میں قرنطینہ سینٹر بنایا گیا۔

یہ سینٹر شہر سے لگ بھگ 30 کلومیٹر دور نادرن بائی پاس کی طرف قائم ہے۔ سندھ بلوچستان سرحد کے قریب زیر تعمیر لیبر فلیٹس میں قائم اس سینٹر تک جانے کے لیے نادرن بائی پاس سے 8 کلومیٹر دور تک چھوٹی سڑک سے جانا پڑتا ہے۔ سندھ حکومت کے اس قرنطینہ سینٹر کے آس پاس ویران پہاڑیاں یا بیابان علاقہ ہے۔

اس ویران علاقے کے زیر تعمیر لیبر فلیٹس میں بجلی ہے نہ پانی مگر یہاں غیر ممالک کی آسائشیں اور سہولتیں چھوڑ کر آنے والے ہم وطنوں کو مشکل وقت میں کئی کئی ہفتے رکھنے کا فیصلہ سندھ حکومت نے کیا تھا۔ آسائشوں کی زندگی گزار کر آنے والوں کی اس سینٹر میں قیام کے دوران کیا حالت زار ہوتی ہوگی یہ اندازہ تو شدید گرم موسم میں پانی اور بجلی کی عدم دستیابی کا سن کر ہی ہو جانا چاہئے۔

بیرون ممالک سے آنے والے ہم وطنوں کو تو چھوڑیں یہاں ڈیوٹی پر تعینات کراچی پولیس کے اہلکار ہی کافی پریشان ہیں جو پولیس حکام سے اس ڈیوٹی سے واپسی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اس دوران گزشتہ رات یہاں نکل آنے والے پانچ فٹ کے بڑے سانپ نے سونے پر سہاگے کا کام کیا۔

گزشتہ رات کے اس واقعہ نے سینٹر کے مکینوں اور محافظوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔ اہلکاروں کے مطابق پولیس والوں نے مل کر جیسے تیسے کرکے اس سانپ کو تو مار دیا مگر اس علاقے میں مزید کتنے سانپ ہوں گے یہ سوچ کر پولیس اہلکار خوفزدہ ہیں۔ بیشر پولیس اہلکاروں نے اس سینٹر سے واپسی کا مطالبہ کیا ہے۔

اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر ویسٹ زون پولیس کے ڈی ایس پی ایڈمن ناصر بخاری کا کہنا ہے کہ کچھ روز پہلے تک جب یہ سینٹر فعال تھا تو یہاں پر پولیس کی ڈیڑھ سو سے زائد اہلکاروں کی نفری تعینات تھی۔

اب اس سینٹر میں کوئی مسافر تو آئیسولیٹ نہیں لیکن سرکاری طور پر یہ سینٹر بند نہیں کیا گیا جس بنا پر یہاں 30 اہلکاروں کی نفری ابھی بھی ڈیوٹی کرتی ہے جو دس دس کے گروپ میں تین شفٹوں میں سرکاری ٹرانسپورٹ میں وہاں بھیجی جاتی ہے۔

ناصر بخاری کے مطابق گزشتہ رات سانپ نکلنے کے واقعہ کے بعد اگرچہ وہاں خوف و ہراس ہے مگر جب تک ڈپٹی کمشنر ملیر اس سینٹر کو تحریری طور پر بند نہیں کرتے وہ ڈیوٹی پر پولیس اہلکار بھیجنے کے پابند ہیں۔