سعودی عرب میں کورونا کے ریکارڈ کیسزرپورٹ، فضائی آپریشن معطل

  • June 18, 2020, 3:02 pm
  • COVID-19
  • 101 Views

سعودی عرب میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جس کے بعد حکومت نے علاقائی فضائی آپریشن معطل کر دیا ہے۔سعودی عرب میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے چار ہزار 919 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو اب تک ایک روز میں سب سے زیادہ سامنے آنے والے کیسز ہیں۔سعودی وزارت وزیر نے کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ملک میں کل مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 41 ہزار 234 ہو گئی ہے۔
نئے سامنے آنے والے 4 ہزار سے زائد کیسز میں سے نصف سے زائد کا تعلق ریاض شہر سے ہے، جہاں سے 2371 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔وزارت صحت کے مطابق ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 39 مریض انتقال کر گئے ہیں جس سے ہلاکتوں کی تعداد 1091 تک پہنچ چکی ہے جبکہ 24 گھنٹوں کے دوران دو ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔
دوسری جانب سعودی عرب نے کورونا وائرس کے پھیلائو کی وجہ سے متاثر ہونے والی سیاحتی سرگرمیوں کی بہ تدریج بحالی کا فیصلہ کیا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے ایک بیان میں کہا کہ کورونا وبا کی وجہ سے متاثرہ اقتصادی اور سیاحتی سرگرمیوں کو رواں ماہ کے شوال کے آخر تک بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر سیاحت نے کہا کہ موجودہ اشارے مثبت ہیں یہی وجہ ہے کہ سعودی عرب نے رواں موسم سرما میں سیاحتی پروگرام کی بحالی کا فیصلہ کیا ہے۔
اندرون ملک سیاحتی سرگرمیوں کی بحالی کے طریقہ کار پرکام جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 80 فی صد شہری اندرون ملک سیاحتی سرگرمیوں کی بحالی کے حامی ہیں۔ ملک میں سیاحتی سرگرمیوں کے دوبارہ آغاز سے قبل محکمہ سیاحت اور وزارت صحت کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔وزیر سیاحت کا کہنا تھا کہ سیاحتی سرگرمیوں کی بحالی وزارت صحت کے وضع کردہ طریقہ کار اور کورونا بچائو پروٹوکول کے مطابق ہوگی۔سعودی وزیر سیاحت نے کہا کہ عرب وزارتی کونسل کے اجلاس کا مقصد کرونا کی وجہ متاثر ہونے والی سیاحت کی بحالی کے لیے نیا میکا نزم تیار کرنا تھا۔