بی این پی مینگل کے بعد جمہوری وطن پارٹی بھی پی ٹی آئی سے ناراض

  • June 18, 2020, 3:11 pm
  • Political News
  • 159 Views

لوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی ) مینگل کے بعد جمہوری وطن پارٹی بھی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) سے ناراض ہوگئی ہے۔

پارٹی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے ہم سے کیا گیا ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا گیا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ پارٹی کی سینٹرل کمیٹی فیصلہ کرے گی کہ حکومت کا مزید ساتھ دیں یا اپوزیشن بنچز پر بیٹھیں۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ جے ڈبلیو پی وفاقی حکومت کی یقین دہانی پر وفاقی حکومت میں شامل ہوئی تھی۔

نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے پارٹی کی سینٹرل کمیٹی کا اہم اجلاس بلانے کا فیصلہ کرلیا۔

بی این پی مینگل کا پی ٹی آئی اتحاد سے علیحدگی کا اعلان

بلوچستان کی سیاسی جماعت بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل نے حکمراں جماعت پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ اتحاد سے علیحدگی کا اعلان کر دیا۔

بلوچستان نیشنل پارٹی کے چیئرمین سردار اختر مینگل نے قومی اسمبلی کے میں کہا کہ آج ایوان میں پی ٹی آئی اتحاد سے علیحدگی کا اعلان کرتا ہوں، ہم ایوان میں موجود رہیں گے اور اپنی بات کرتے رہیں گے، پی ٹی آئی کے ساتھ 2 معاہدے ہوئے، ہم بنی گالہ نہیں گئے، وہ کوئٹہ آئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ 8 اگست 2018ء کو پہلا معاہدہ ہوا، جس پر شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین اور یار محمد رند نے دستخط کیے تھے، ہم نے مِسنگ پرسنز کا مسئلہ حل کرنے اور نیشنل ایکشن پلان پر لیٹر اینڈ اسپرٹ کے ساتھ عمل کرنے کا مطالبہ کیا تھا، ان دونوں معاہدوں میں کوئی بتا دے کہ کوئی ایک بھی غیر آئینی مطالبہ ہے؟

چیئرمین بی این پی نے کہا کہ کیوں آج تک اس پر عمل درآمد نہیں ہوا؟ یہ وہ مائنڈ سیٹ ہے جو 1948ء سے چلا آ رہا ہے، چمن سے کراچی تک سڑک کی بنیاد 1973ء میں رکھی گئی تھی، ساڑھے 4 ہزار لوگ اس سڑک پر حادثات کے نتیجے میں جاں بحق ہوئے ہیں، ہمیں 6 رویہ سڑک کی بجائے 2 لین کی سڑک ہی دے دیں۔