بلوچستان میں ایک روز کے اندر کرونا وائرس کے مزید 357 کیسز رپورٹ

  • June 18, 2020, 3:15 pm
  • COVID-19
  • 146 Views

کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں گزشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 357 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اس عرصے میں کرونا وائرس سے مزید 4 اموات ہوئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ صوبہ بلوچستان میں گزشتہ 24 گھنٹے میں 357 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد بلوچستان میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد 8 ہزار 794 ہوگئی۔

ترجمان محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس سے مزید 4 اموات ہوئی ہیں اور صوبے میں مجموعی اموات کی تعداد 93 ہوگئی ہے۔

ترجمان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 14 سو 34 ٹیسٹ کیے گئے ہیں، اس عرصے میں 28 مریض صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد صحتیاب مریضوں کی تعداد 3 ہزار 51 ہوگئی۔

مجموعی طور پر بلوچستان سمیت ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 1 لاکھ 60 ہزار 118 ہوگئی ہے، صرف گزشتہ روز 5 ہزار 358 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

گزشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 118 مریض دم توڑ گئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد بھی 3 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

ملک میں 10 لاکھ کی آبادی میں اموات کی شرح 12 سے بڑھ کر 13 فیصد ہو چکی ہے، جبکہ 10 لاکھ آبادی میں کیسز کی تعداد بھی بڑھ کر 701 ہوگئی۔