ملک میں کورونا وائرس سے اموات میں تیزی، مزید 136 مریض دم توڑگئے

  • June 19, 2020, 1:28 pm
  • COVID-19
  • 104 Views

اسلام آباد: ملک میں کورونا کیسزکی مجموعی تعداد 162062 ہوگئی جب کہ24 گھنٹوں کے دوران مزید 136 مریض دم توڑگئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکے مطابق ملک میں کورونا کیسزکی مجموعی تعداد 162062 اورمرنے والوں کی تعداد 3229 ہوگئی ہے۔ پچھلے 24 گھنٹوں میں کورونا کے 136 مریض دم توڑگئے، ملک میں کورونا کے فعال کیسزایک لاکھ 450 ہیں، ملک میں 61383 کورونا مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

سندھ میں کورونا کیسز62 ہزار269، پنجاب میں کورونا کیسزکی تعداد 61 ہزار678 ہوگئی، خیبر پختونخواہ میں 20182، بلوچستان میں 8998، اسلام آباد میں کورونا کیسز 9941، گلگت میں 1225، آزاد کشمیر میں 769 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔
این سی اوسی کے مطابق کورونا کیسزتین ہفتے تک مسلسل بڑھنے کے بعد مسلسل پانچ دنوں سے کیسزکی تعداد میں کمی آئی ہے تاہم پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران مزید 4944 کورونا پازیٹوکیسزریکارڈ کیے گئے ہیں۔

این سی اوسی کے مطابق ملک میں کورونا مریضوں کیلئے مزید 103 وینٹی لیٹرزفراہم کیے گئے ہیں جس کے بعد کل تعداد 1503 ہوگئی جب کہ جولائی کے آخر تک ملک میں مزید 1500 وینٹی لیٹرفراہم کردیئے جائیں گے۔ ملک بھرمیں مزید 2150 آکسیجن بیڈز کی فراہمی کیلئے کام جنگی بنیادوں پرجاری ہے۔ این سی اوسی کے مطابق جولائی کے وسط تک ملک میں کورونا ٹیسٹنگ کی صلاحیت ایک لاکھ یومیہ تک لے جائی جائیگی۔

کورونا وائرس اور احتیاطی تدابیر:

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکر بیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پر کوئی اثر نہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اور ہر ایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اوروہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔