مسافروں کی شکایت کے بعد ایئرہوسٹسز کو فیس ماسک اتارنے کا حکم

  • June 20, 2020, 1:34 pm
  • Weather News
  • 91 Views

مسافروں کی شکایت کے بعد ایئرہوسٹسز کو فیس ماسک اتارنے کا حکم۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پوری د نیا کی طرح انڈویشیا کی فضائی کمپنی گیروڈا نے بھی اپنے عملے کو فیس ماسک پہننا لازمی قرار دیا تھا۔ لیکن مسافروں کی بہت زیادہ شکایات موصول ہونے کے بعد ایئرہوسٹسز کو اس فیس ماسک پہننے سے روک دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے بات کرتے ہوئے گیروڈا کے صدر عرفان سیتیا پترا کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مسافروں نے شکایات بھیجی ہیں کہ فیس ماسک کی وجہ سے استقبال کے لیے کھڑی اور دوران سفر سروس مہیا کرنے والی ایئرہوسٹسز کی مسکراہٹ نہیں دیکھ پاتے، تا ہم بہت زیادہ مسافروں کی ایک جیسی شکایات ملنے کے بعد ہم نے ایئرہوسٹس کو ماسک پہننے سے منع کر دیا ہے۔
اس حوالے سے مزید بات کرتے ہوئے عرفان سیتیاپترا کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے عملے اور مسافروں کا تحفظ اور سکون سب سے اہم ہیں لہٰذا ہم ایئرہوسٹسز پر فیس ماسک کی پابندی ختم کرنے کے باوجود کرونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں اس مقصد کے لیے ایئرہوسٹسز کو مسافروں سے مناسب فاصلہ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ اس وقت مہلک وائرس پوری دنیا میں پھیل چکا ہے جس کے بعد فیس ماسک کا استعمال ہر جگہ یقینی بنا دیا گیا ہے اور لوگوں کو تمام احتیاطی تدابیر اپنانے کے حوالے سے بھی تلقین کی جا رہی ہے۔ چین کے شہر وہان سے شروع ہونے والے کورونا وائرس نے اس وقت پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے جس کے بعد ہر گزرتے دن کے ساتھ اس کی تباہی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
کورونا کی وجہ سے اس وقت دنیا کا ںطام درہم برہم ہو گیا ہے جس کے بعد بہت سے لوگوں کو پابندیوں کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اگر دنیا بھر میں کورونا کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو ابھی تک 87 لاکھ سے زیادہ افراد کورونا کا شکار ہو چکے ہیں جبکہ 4 لاکھ 62 ہزار سےزیادہ افراد کورونا کا شکار ہو کر ہلاک ہو چکے ہیں۔