6 لاکھ نوجوانوں کو کاروبار کے لیے آسان شرائط پر قرضے، بلوچستان کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا

  • June 20, 2020, 1:39 pm
  • National News
  • 147 Views

کوئٹہ: بلوچستان کا مالی سال 2020-21 کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا، صوبائی وزیر خزانہ ظہور بلیدی بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں بجٹ پیش کریں گے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق بلوچستان کے آئندہ مالی سال کے بجٹ کا حجم 430 ارب روپے سے زائد ہوگا، ذرایع کا کہنا ہے کہ غیر ترقیاتی بجٹ کے لیے 320 اور ترقیاتی بجٹ کے لیے 110 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

بلوچستان کے بجٹ میں کرونا وبا کے باعث صحت کے شعبے کے لیے سب سے زیادہ رقم مختص کی جائے گی، وبائی امراض کے حوالے سے 3 سالہ منصوبے کے لیے 12 ارب روپے مختص کیے جانے کا امکان ہے۔

تعلیم کے شعبے کے لیے 70 ارب روپے سے زائد مختص کیے جانے کا امکان ہے، ذرایع کے مطابق غربت کے خاتمے کے لیے 5 سے 6 لاکھ نوجوانوں کو کاروبار کے لیے آسان شرائط پر قرضے دیے جائیں گے۔

آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 5 ہزار نئی آسامیاں دیے جانے کا امکان ہے، اپنا گھر کے نام سے بے گھروں کو مکان کے لیے وزیر اعلیٰ جام کمال کے خصوصی منصوبے بجٹ کا حصہ ہوں گے۔