وفاقی بجٹ کو تمام جماعتوں نے مسترد کر دیا، بلاول بھٹو

  • June 20, 2020, 3:25 pm
  • Breaking News
  • 95 Views

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کہتے ہیں کہ اس وفاقی بجٹ کو تمام سیاسی جماعتوں نے مسترد کر دیا ہے۔

کراچی میں وزیر اعلیٰ ہاؤس میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پریس کانفرنس کی، اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیرِ صحت عذرا پلیجو بھی ان کے ہمراہ موجود تھیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ رینجرز پر ہونے والے حملوں کی مذمت کرتے ہیں، جب سے وبا آئی ہے ہر متنازع مسئلے کو اٹھایا جا رہا ہے، حکومت کورونا وائرس کی وباء کے مسئلے پر قوم کو اکٹھا کرنے میں ناکام ہوئی، ہم سمجھ رہے تھے کہ یہ ایک وباء کا بجٹ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ایسا دکھایا گیا جیسے کورونا وائرس کی وباء پاکستان کے لیے مسئلہ ہی نہیں ہے، بجٹ میں ٹڈی دل کے مسئلے کو بھی نظر انداز کیا گیا، ہم چاہتے ہیں کہ صوبائی حکومت خود ٹڈیوں کا مقابلہ کرے، معیشت مستحکم نہیں ہو سکی، وفاقی حکومت نے صحت پر بھی کام نہیں کیا۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ جب سے یہ وباء ملک میں پہنچی پہلا قدم میں نے اٹھایا، میں نے پارٹی سرگرمیاں ختم کر دیں، شہید بھٹو کی برسی کی تقریب منسوخ کی، ہم نے اس وباء کے دوران کسی قسم کی سیاست نہیں کی، میں انٹرویو اور پریس کانفرنسز کے دوران سیاسی بات نہیں کرتا تھا، ہماری پنجاب میں سیاسی سرگرمیاں شروع ہورہی تھی، جو کورونا کی وجہ سے ملتوی کر دی گئیں۔