میں نے ماضی میں جسے بھی تکلیف دی، میں اس سے معافی مانگتا ہوں، حمزہ علی عباسی

  • June 20, 2020, 3:31 pm
  • Entertainment News
  • 156 Views

میں نے ماضی میں جسے بھی تکلیف دی، میں اس سے معافی مانگتا ہوں۔ اداکار حمزہ علی عباسی نے ٹویٹر پیغام جاری کرتے ہوئے ان تمام لوگوں سے معافی کی اپیل کر دی ہے جنہیں ان کی وجہ سے ماضی میں کسی طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ پیغام جاری کرتے ہوئے سابق اداکار کا کہنا تھا کہ میں بہت دیر سے یہ کہنا چاہتا تھا لیکن کہہ نہیں پا رہا تھا، میں ہر اس شخص سے معافی مانگتا ہوں جس کو میری وجہ سے کسی تکلیف کا سامنا کرنا پڑا، میری آپ سب سے التجا ہے کہ مجھے معاف کر دیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں حمزہ علی عباسی نے اپنے شوبز کیرئیر کو خیرآباد کہہ دیا تھا جس کے بعد انہوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ اب اپنی زندگی دین اسلام کے راستے پر گزارنا چاہتے ہیں۔
تا ہم اس کے بعد انہیں کسی شوبز سرگرمی میں نہیں دیکھا گیا۔ ان کے اعلان کے بعد انہیں بس مذہبی سرگرمیوں میں ہی ملوث پایا گیا ہے اور انہیں دین کی خدمت کرتے ہوئے ہی دیکھا گیا ہے۔

لیکن اب انہوں نے دین اسلام کی طرف راغب ہونے کے بعد ان تمام لوگوں سے بھی معافی مانگ لی ہے جنہیں ماضی میں ان کی کسی بات یا عمل کی وجہ سے تکلیف کا سامنا کرنا پڑا ہو۔ تا ہم ایسا ممکن ہے کہ بہت سے لوگوں کو ایسا کچھ شاید یاد بھی نہ ہو لیکن حمزہ علی عباسی نے پھر بھی معافی مانگ کر بڑے دل کا ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ اس کے علاوہ اگر بات کی جائے تو حمزہ علی عباسی کا شمار پاکستان کی شوبز انڈسٹری کے ان اداکاروں میں ہوتا تھا جنہیں پوری دنیا میں جانا جاتا ہے۔
فلمیں ہو یا ڈرامے، ان کے کرداروں کو خوب سراہا گیا تھا۔ تاہم اپنے کیر ئیر کی پیک پر انہوں نے شوبز کو خیرآباد کہہ کر دین کا راستہ اپنا لیا تھا جس کے بعد اللہ نے ان کو اس میں بھی عزت بخشی ہوئی ہے۔ یاد رہے کہ ان کے بعد اداکار فیروز خان نے بھی شوبز کے کاروبار سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے دین اسلام کا رخ کر لیا تھا۔