ٹویٹر اکاؤنٹ:‌ فروغ نسیم کا بڑا فیصلہ

  • June 21, 2020, 2:21 am
  • Science & Technology News
  • 90 Views

اسلام آباد: سابق وزیرقانون فروغ نسیم نے جعلی ٹویٹر اکاؤنٹ کے حوالے سے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی سے مدد مانگ لی۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق بیرسٹر فروغ نسیم نے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) سائبر کرائم ونگ کو خط ارسال کیا جس کے متن میں بتایا کہ اُن کے نام سے ٹویٹر پر کسی نے جعلی اکاؤنٹ بنایا ہوا ہے۔

فروغ نسیم نے ایف آئی اے حکام کو بتایا کہ ٹویٹر اکاؤنٹ پر 17 ہزار کے قریب فالوورز ہیں اور اُس اکاؤنٹ سے توہین آمیز مواد سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شیئر کیا جاتا ہے۔

سابق وفاقی وزیر قانون نے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ سے اکاؤنٹ ڈیلیٹ کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ’میرے نام سے جعلی اکاؤنٹ چلانے والے فرد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے‘۔

سابق وفاقی وزیر نے خط کے ساتھ جعلی ٹویٹر اکاؤنٹ کے اسکرین شارٹ بھی ایف آئی اے کو فراہم کیے ہیں۔

یاد رہے کہ ٹویٹر پر دنیا بھر کی معروف شخصیات کے ناموں سے جعلی اکاؤنٹ بنائے جاتے ہیں، پاکستان کی نمائندہ شخصیات کے بھی جعلی ٹویٹر اکاؤنٹ موجود ہیں، متعدد پاکستانی سیاست دانوں، معروف شخصیات اور افسران کے بنائے گئے ٹویٹر اکاؤنٹ سے نامناسب ٹویٹس شیئر کیے جاتے ہیں جس کی وجہ سے اُن کا وقار مجروح ہوتا ہے۔

حال ہی میں نامور مزاح نگار انور مقصود نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنا ٹویٹر اکاؤنٹ بنایا اور صارفین سے اپیل کی تھی کہ وہ جعلی اکاؤنٹس کو فوری طور پر رپورٹ کریں۔