مراد سعید نے بلاول بھٹو کا چیلنج قبول کرلیا

  • June 21, 2020, 2:23 am
  • Political News
  • 121 Views

اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے بلاول بھٹو کا چیلنج قبول کرلیا، بلاول بھٹو نے چیلنج دیا تھا کہ وفاقی حکومت سندھ کے تین اسپتال ہم سے لے کر دکھائے، مراد سعید نے کہا کہ آپ آکر پختونخوا کے اسپتال کا دورہ کریں پھر ہم بھی سندھ کے اسپتال کا دورہ کرتے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات نے بلاول بھٹو کی نیوز کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں سندھ کے کوٹے میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، ہمیشہ کی طرح سندھ سے متعلق آج بھی سیاست کرنے کی کوشش کی گئی۔

مراد سعید کا کہنا تھا کہ کہا گیا کہ وزیراعظم کا دورہ سندھ سیاسی تھا، وہ پورے ملک کے وزیراعظم ہیں، وہ کرونا سے متاثر غریبوں کے لیے ہر جگہ جائیں گے، لاڑکانہ کا دورہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام دفتر کا تھا، غریب طبقے کو امداد دینے پر سندھ کے حکمرانوں کو خوش ہونا چاہئے۔

وفاقی وزیر نے پیپلزپارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں پی پی کی حکومت ہے لوگوں کے زخموں پر مرہم نہیں رکھ رہی، آپ نے نہ خود کچھ کرنا ہے اور نہ ہی دوسروں کو کچھ کرنے دینا ہے، کرونا سے بیروزگار ہونے والوں کے لیے ایک ارب 44 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔

مراد سعید کا کہنا تھا کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی مستحقین تک ماداد پہنچائی، شہریوں کے مسائل حل ہونے پر آپ سیاست شروع کردیتے ہیں، بلاول جس علاقے سے منتخب ہوئے وہ آج بھی پسماندہ ہیں، عمران خان غربت کے خاتمے کے کاز لے کر آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں پی پی کی حکومت ہے، آپ نے اقدامات ہی نہیں کیے، لاڑکانہ میں آپ خدمت کے لیے نہیں پہنچتے، ہم اپنے لوگوں کو غریبوں کی خدمت کرنے سے نہیں روک سکتے، سندھ میں ٹڈی دل کیخلاف پی پی حکومت کو بھی اقدامات کرنے چاہئے تھے۔