بیت اللّٰہ میں نمازِ کسوف کی ادائیگی

  • June 21, 2020, 12:46 pm
  • Featured
  • 156 Views

سعودی عرب میں سورج گرہن لگنے کے ساتھ ہی مکہ مکرمہ میں بیت اللّٰہ میں نمازِ کسوف ادا کی گئی۔

سعودی عرب میں سورج گرہن کے موقع پر بیت اللّٰہ، مسجدِ نبوی ﷺ اور مملکت کے تمام شہروں کی مساجد میں نمازِکسوف کی ادائیگی کی گئی۔

نمازِ کسوف کی ادائیگی کے دوران بیت اللّٰہ، مسجد نبوی ﷺ اور دیگر مساجد میں کورونا ایس او پیز کا خاص خیال رکھا گیا۔

وگوں نے اس موقع پر اپنے رب کے حضور گڑ گڑا کر معافی مانگی اور توبہ و استغفار کی۔

سورج گرہن سعودی عرب کے علاوہ پاکستان سمیت افریقہ اور ایشیاء کے کئی ممالک میں دیکھا گیا۔

پاکستان کے شہر سکھر میں سورج گرہن سے رِنگ آف فائر یا روشنی کے چھلے کا دلکش نظارہ دیکھنے کو ملا، جس کی وجہ سے سکھر میں دن میں مغرب کے وقت جیسا منظر نظر آیا۔

کراچی میں سورج گرہن کا نکتۂ عروج گزر گیا، جہاں جزوی سورج گرہن ہوا جس سے سارے شہر میں سایہ چھایا رہا، تاہم رِنگ آف فائر نہیں دکھائی دیا۔

پاکستان میں آج صبح 9 بج کر 26 منٹ پر سورج کو گرہن لگنا شروع ہوا تھا جس میں چاند زمین تک پہنچنے والی سورج کی شعاعوں کا راستہ روکنے لگا، 11 بجے کے بعد سورج گرہن اپنے عروج پر پہنچا، سورج گرہن اس وقت اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے جو دوپہر 2 بج کر 34 منٹ پر ختم ہوگا۔

سورج گرہن لگتے ہی ملک بھر کی مساجد میں نمازِ کسوف ادا کی گئی، شہریوں نے رو رو کر اپنے رب کے حضور توبہ و استغفار کی۔