کورونا سے متاثرہ وفاقی وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد کی نئی تصویر سامنے آگئی

  • June 21, 2020, 1:05 pm
  • COVID-19
  • 163 Views

کورونا سے متاثرہ وفاقی وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد کی نئی تصویر سامنے آگئی ہے۔ شیخ ریشد احمد کے میڈیا کوآرڈینیٹر کے مطابق انکی طبیعت پہلے سے بہت بہتر ہے تاہم ابھی علاج جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا صارف کی جانب سے وفاقی وزیرِ ریلوے کی ہسپتال سے ایک تصویر شئیر کی گئی ہے۔ سوشل میڈیا صارف نے اپنے ٹویٹر پیغام میں لکھا ہے کہ ان کی شیخ ریشد احمد کے میڈیا کوآرڈینیٹر سے وزیرِ ریلوے کی صحت کے حوالے سے بات ہوئی ہے اور انہوں نے شیخ رشید احمد کی یہ تصویر بھیجی ہے۔
سوشل میڈیا صارف نے مزید بتایا ہے کہ وزیرِ ریلوے کے میڈیا کوآرڈینیٹر کا کہنا ہے کہ ان کی طبیعت اب پہلے سے کافی بہتر ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل شیخ رشیدکے بھتیجے اور ممبر قومی اسمبلی شیخ راشد شفیق نے بتایا تھا کہ وفاقی وزیر شیخ رشید کے پھپھڑے کورونا سے 10 فیصد متا ثر ہوئے ہیں، شیخ رشید کو اب انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل نہیں کیا گیا، ان کے جسم میں آکسیجن کا تناسب 92 فیصد ہے، ڈاکٹروں نے رپورٹس کو تسلی بخش قرار دیا ہے۔
بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید کو اب آکسیجن پر بھی منتقل کرنے کی ضرورت نہیں پڑی اور ان کی طبیعت میں بہتری آ رہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کو ٹیلیفون کیا تھا، وزیراعظم نے جلد صحت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا، شیخ رشید نے کہا تھا کہ علاج سے مطمئن ہوں، جلد شفایاب ہو جاؤں گا۔واضح رہے کہ شیخ رشید ملٹری ہسپتال راولپنڈی میں زیرعلاج ہیں۔ وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر باجوہ اور دیگر سیاسی رہنماوں نے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے رابطہ کر کے ان کی خیریت دریافت کی تھی اور ان کی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی گئی تھی۔