پاکستان میں جولائی اور اگست تک کورونا کیسز کی تعداد 35 لاکھ ہونے کا خدشہ

  • June 22, 2020, 12:35 pm
  • COVID-19
  • 107 Views

پاکستان میں جولائی اور اگست تک کورونا کیسز کی تعداد 35 لاکھ ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ اس حوالے سے طبی ماہرین نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے جس کے بعد ان کی جانب سے حکومت کی ناقص پالیسیوں کو کورونا کے پھیلنے کی وجہ بتایا جا رہا ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی اور لوگوں کی جانب سے لاپرواہی کے باعث کورونا خطرناک حد تک پھیل گیا ہے، بڑی تعداد ایسے لوگوں کی ہے جو کورونا سے متاثر ہیں لیکن ان کا کوئی ریکارڈ نہیں۔
تاہم اس صورتحال کا دیکھتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ جولائی اور اگست تک پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد 35 لاکھ ہونے کا خدشہ ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بھی بتایا تھا کہ پاکستان کورونا وائرس کی بڑھتی ہوئی شرح کے حوالے سے پہلے تین ممالک میں شامل ہوگیا ہے اور اگر مؤثر احتیاطی تدابیر اختیار نہ کی گئیں تو جولائی کے آخری دو ہفتے مہلک ثابت ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے یہ بات وفاقی وزیر مذہبی امور کی زیر صدارت اجلاس میں کہی تھی۔ دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نےتنبیہ کی ہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا ایک نئے خطرناک مرحلے سے گزر رہی ہے۔ ایک ورچوئل نیوز کانفرنس میں ڈبلیو ایچ او کے چیف ٹیڈروس ایدھینوم نے کہا کہ وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، کورونا وائرس کے مریضوں کی تیزی سے بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر رکن ملکوں کو انتہائی چوکنا ر ہنا ہوگا۔
پاکستان میں اگر کورونا کیسز کی بات کی جائے تو اموات کی مجموعی تعداد 3558 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 179602 تک پہنچ گئی۔ ان بگڑتے ہوئے حالات کو دیکھتے ہوئے طبی ماہرین کی جانب سے سخت لاک ڈاؤن کا مطالبہ کیا جا رہا ہے جبکہ اس بات کا بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ حالات مزید کشیدگی کی طرف جا سکتے ہیں۔