طوفانی بارش کے باعث اسلام آباد ایئرپورٹ پر تباہی مچ گئی

  • June 24, 2020, 2:12 am
  • Weather News
  • 158 Views

پاکستان کے جڑواں شہروں وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی میں شام کے وقت اچانک تیز ہواوں اور آندھی کے ساتھ طوفانی بارش ہوئی ہے جس کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا تاہم ساتھ ساتھ نیو اسلام آباد ایئرپورٹ بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شام کے وقت طوفانی بارش ہوئی، بارش کے علاوہ اسلام آباد میں آندھی طوفان بھی آیا۔
اس باعث کچھ برس قبل ہی تعمیر کیے گئے ملک کے سب سے بڑے نئے اسلام آباد ائیرپورٹ پر تباہی مچ گئی۔ طوفانی بارش اور آندھی طوفان نے اسلام آباد ائیرپورٹ کی مینٹیننس کے حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی کارکردگی کا پھول بھی کھول دیا۔ نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو تیز ہواؤ، آندھی اور بارش سے شدید نقصان پہنچا ہے۔
آندھی طوفان کے باعث چھتیں زمین بوس ہوگئیں اور لاؤنج میں شیشے کا گیٹ بھی ٹوٹ کر گر گیا ۔

کھڑکیاں بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئیں۔ مسافروں کو جہاز کر پہنچانے والے بورڈنگ برج کو شدید نقصان پہنچا ۔ بورڈنگ برج کی ٹین کی دیوار ایک طرف سے ٹوٹ گئی۔ مذکورہ برج بین الااقوامی پروازوں کےلیے استعمال ہوتا ہے۔ ایئرپورٹ کی پارکنگ میں لگا موبائل ٹاور بھی تیز ہواؤں کا زور برداشت نہ کرسکا اور زمین بوس ہوگیا ۔ تاہم خوش قسمتی سے ائیرپورٹ پر اتنی تباہی مچنے کے باوجود اس دوران کسی قسم کا کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔
اسلام آباد ائیرپورٹ پر اتنی تباہی مچنے کے بعد سوشل میڈیا پر لوگوں کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اس ائیرپورٹ کو ملک کا سب سے جدید اور عالمی معیار کا ائیرپورٹ قرار دیا جاتا ہے، لیکن ایک بارش نے اس ائیرپورٹ کی دیکھ بھال کے حوالے برتی جانے والی غفلت کو بے نقاب کر دیا ہے۔ حکومت کو فوری اس معاملے پر توجہ دے کر ائیرپورٹ کی باقاعدہ دیکھ بھال یقینی بنانی چاہیے۔