ایران کے ہسپتال میں دھماکے سے19افرادہلاک ہوگئے

  • July 1, 2020, 12:44 pm
  • World News
  • 116 Views

ایران کے دارالحکومت تہران میں ایک مقامی ہسپتال میں ہونے والے دھماکے میں 19 افراد ہلاک ہوگئے ہیں دھماکہ سینا اطہر ہسپتال میں ہوا ہے . ایرانی ذارائع ابلاغ نے تہران میں سنیئرحکومتی عہدیدار علی القاصی مہر کے حوالے سے بتایا ہے کہ مرنے والوں میں چار مرد اور 15 خواتین شامل ہیں حکام کے مطابق متعدد افراد زخمی بھی ہیں اور یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے.
ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن نے ایک سینیئر عہدیدار کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ دھماکہ گیس کے اخراج کے باعث ہوا ہے‘ٹی وی پر نظر آنے والی تصاویر میں کلینک سے دھواں اور آگ کے شعلے بلند ہوتے نظر آئے آگ پر قابو پانے میں فائر فائٹر عملے کو کافی وقت لگا. تہران کے آگ بجھانے والے محکمے کے ترجمان جلیل مالکی نے کہا ہے کہ آگ لگنے کا واقع ایک پانچ منزلہ عمارت میں ہوا جہاں دوسری منزل پر زور دار دھماکہ ہوا ایران کی ایمرجنسی انتظامی ایجنسی کے ترجمان مجتبی خالدی کا کہنا ہے کہ زیادہ تر ہلاکتیں اوپری منزلوں پر ہوئی ہیں.
انہوں نے کہا کہ زیادہ تر ہلاکتیں چوتھی اور پانچویں منزلوں پر ہوئیں جہاں آپریشن روم ہے‘یہ واقعہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب کو پیش آیا اور آگ لگنے کے بعد وہاں دو دھماکے سنے گئے آگ لگنے کی تصاویر جلد ہی سوشل میڈیا پر گشت کرنے لگیں. تہران فائر ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان جلال مالکی نے بتایا ہے کہ تہران کے شمال میں واقع ایک طبی کلینک میں آگ بھڑک اٹھی ہے اور آگ بجھانے والا عملہ جائے وقوعہ پر بھیج دیا گیا ہے‘تہران ہنگامی مرکز کے سربراہ پیمان صابریان نے بتایا ہے کہ دھماکے کے بعد آگ لگنے سے 19افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں.
واضح رہے کہ کچھ دن قبل تہران میں ایک حساس فوجی تنصیب کے نزدیک دھماکا ہوا تھا جس کے بارے میں ایران کی وزارت دفاع کے ترجمان نے سرکاری ٹی وی کو بتایا تھا کہ گیس ذخیرہ کرنے کی تنصیب میں ایک ٹینک سے گیس کے اخراج کے بعد دھماکا ہوا تھا.