اسٹاک ایکسچینج حملے میں ہلاک دہشتگرد کے اہلخانہ لاش لینے کراچی پہنچ گئے

  • July 3, 2020, 1:51 pm
  • Breaking News
  • 212 Views

پاکستان سٹاک ایکسچینج پر حملے کے دوران ہلاک ہونے والے چار دہشت گردوں میں سے ایک کے اہلخانہ دہشت گردکی لاش لینے کراچی پہنچ گئے۔محکمہ انسداد دہشت گردی کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد کے اہلخانہ ایدھی سرد خانہ لاش لینے کے لیے پہنچے ہیں۔سی ٹی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ لاش قانونی کارروائی کے بعد اہل خانہ کے حوالے کی جائے گی۔
ہلاک دہشت گرد کی خالہ اور بہن لاش لینے کے لئے کراچی پہنچیں۔دہشت گرد کے اہل خانہ بلوچستان سے کراچی آئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اہل خانہ سے قانونی کارروائی مکمل کرنے کے لیے شناختی دستاویزات طلب کیے گئے ہیں۔اہل خانہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ قانونی کارروائی مکمل کرکے لاش لے لیں۔ واضح رہے کہ 29 جون کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردوں کی جانب سے حملہ کیا گیا تھا، جسے ناکام بنا دیا گیا۔
اس حملے میں تمام دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے تھے، جبکہ حملہ ناکام بنانے کی کوشش میں 3 سیکورٹی گارڈز اور 1 پولیس اہلکار نے جام شہادت نوش کیا تھا۔ حملے کے دوران ہلاک کیے گئے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم بی ایل اے سے تھا، جب اس حملے میں بھارت کا ہاتھ بھی ملوث تھا۔ اس حملے کے بعد جہاں دنیا بھر کے ممالک کی جانب سے مذمت کی گئی، وہیں جمعرات کے روز اہم پیش رفت تب ہوئی جب اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے بھی اس دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔
علاوہ ازیں گذشتہ روز معاملے نے اس وقت نیا رخ اختیار کیا جب دہشت گردوں کی گاڑی ایک پاکستانی ڈرامے میں نظر آگئی۔۔ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج حملے کیلئے دہشت گردوں کی جانب سے جو گاڑی استعمال کی گئی، وہی گاڑی ایک پاکستان ڈرامے کی شوٹنگ میں بھی نظر آئی۔ بتایا گیا ہے کہ بی اے پی 629 نمبر پلیٹ والی نیلے رنگ کی ٹیوٹا کرولا گاڑی کراچی کے علاقے ہل پارک میں ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران پارکنگ میں کھڑی تھی۔