ایف آئی اے کا بانی ایم کیو ایم کی پاکستان اور بیرون ملک جائیدادیں ضبط کرنے کا فیصلہ

  • July 3, 2020, 4:30 pm
  • World News
  • 115 Views

اسلام آباد: ایف آئی اے نے بانی ایم کیو ایم کی پاکستان اور بیرون ملک جائیدادیں ضبط کرنے کے لیے انسداد دہشت گردی عدالت سے رجوع کر لیا اور کہا عدالت عمران فاروق قتل کیس میں بانی متحدہ کو اشتہاری قرار دے چکی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کا بانی ایم کیو ایم کی جائیدادیں ضبط کرنے کافیصلہ کرلیا ، ایف آئی اے پراسیکوٹر خواجہ امتیاز احمد نے جائیداد ضبطگی کے لیے انسداد دہشتگردی عدالت میں درخواست دائر کردی۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت بانی متحدہ، افتخار حسین، محمد انور اور کاشف خان کامران کی جائیدادیں بحق سرکار ضبط کرے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بانی متحدہ، افتخار حسین، محمد انور اور کاشف خان کو عدالت عمران فاروق قتل کیس میں اشتہاری قرار دے چکی ہے۔ چاروں ملزمان جان بوجھ کر روپوش ہوئے لہذا چاروں ملزمان کی جائیدادیں بحق سرکار ضبط کی جائیں۔

یاد رہے ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں انسدادی دہشت گردی کی عدالت نے تینوں ملزمان کو عمر قید کی سزا سنائی ، عدالت نے قتل کی سازش، معاونت اورسہولت کاری کیس پر فیصلہ دیا تھا۔

عدالت نے بانی متحدہ اور افتخار حسین ، اشتہاری ملزمان محمد انور اور کاشف کامران کے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کئے تھے۔

بعد ازاں عمران فاروق قتل کیس کے تفصیلی فیصلے میں کہا تھا کہ ثابت ہوا عمران فاروق کو قتل کرنے کا حکم بانی ایم کیوایم نے دیا اور معظم علی نے قتل کے لیے محسن علی اور کاشف کامران کو چنا۔

تفصیلی فیصلے کے مطابق عمران فاروق کو قتل کرنے کا مقصد تھا کہ کوئی بانی ایم کیو ایم کیخلاف بات نہیں کرسکتا اور عوام میں خوف و ہراس پھیلانا بھی تھا۔