یورپ کا واحد ملک جہاں تمام مساجد دوبارہ کھول دی گئیں

  • July 5, 2020, 1:37 am
  • COVID-19
  • 131 Views

یورپ کا واحد ملک جہاں تمام مساجد دوبارہ کھول دی گئیں، برطانیہ میں 3 ماہ کے کرونا وائرس لاک ڈاون کے بعد تمام مساجد کھولنے کی اجازت دے دی گئی، نماز جمعہ کے اجتماعات پر پابندی برقرار رہے گی۔ تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں مقیم مسلمانوں کو 3 ماہ کے مشکل وقت کے بعد بڑی خوشخبری سنائی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ برطانیہ پہلا یورپی ملک ہے جہاں واقع تمام مساجد کو کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
تاہم کچھ شرائط بھی عائد کی گئی ہیں۔ مساجد میں محدود پیمانے پر نمازیوں کی آمد کی اجازت ہوگی۔ جبکہ نماز جمعہ کے اجتماعات پر عائد پابندی تاحال برقرار رہے گی۔ مساجد کا رخ کرنے والوں کو تلقین کی گئی ہے کہ سماجی فاصلے اور بتائی گئی دیگر احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ برطانیہ نے مساجد دوبارہ کھولنے کے علاوہ معمول کی زندگی کی بحالی کی طرف بڑا قدم اٹھاتے ہوئے 3 ماہ بعد شہریوں کو بال کٹوانے اور ریسٹورنٹس میں کھانا کھانے اور دیگر کچھ سرگرمیوں کی اجازت دے دی ہے۔

اس حوالے سے ایک بیان میں وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا کہ ہر شخص کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا اور کاروباری اداروں کی مدد کے لیے معاشرتی دوری کو برقرار رکھنا ہوگا تاکہ کرونا وائرس کی دوسری لہر سے بچا جا سکے۔ اپنے پیغام میں برطانوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ موسمِ گرما سے محفوظ طریقے سے لطف اندوز ہوں اور ایسا کچھ نہ کریں جس سے کرونا وائرس پر قابو پانے والی پیشرفت کو نقصان پہنچے۔
واضح رہے کہ کرونا وائرس پھیلاو کے باعث برطانیہ میں گزشتہ 3 ماہ سے سخت لاک ڈاون نافذ تھا۔ برطانیہ میں حالیہ کچھ ہفتوں کے دوران حالات میں کچھ بہتری آئی ہے، جس کے بعد عائد پابندیوں میں آہستہ آہستہ نرمی کی جا رہی ہے۔ یہ بھی واضح رہے کہ برطانیہ کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے 10 ممالک میں شامل ہے۔