کراچی: کل سے مون سون بارشیں شروع

  • July 5, 2020, 12:06 pm
  • Weather News
  • 156 Views

محکمۂ موسمیات نے اچھی خبر سنائی ہے کہ کل سے کراچی سمیت سندھ بھر میں مون سون بارشیں شروع ہونے کا امکان ہے جس سے گرمی کا زور ٹوٹے گا۔

سندھ میں پیر سے مون سون سسٹم مضبوط ہونے کے ساتھ ساتھ بڑے علاقے میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق 6 جولائی کی صبح مون سون کا بارش برسانے والا سسٹم مشرقی سندھ میں داخل ہو سکتا ہے جس کے نتیجے میں کراچی میں 6 جولائی کی شام یا رات بادل گرج اور برس سکتے ہیں۔

بارش کا یہ سلسلہ 8 جولائی کی صبح تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے، جبکہ بارش کے تین دن کے اسپیل میں 30 سے 50 ملی میٹر تک بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی، حیدر آباد، ٹھٹھہ، بدین، سانگھڑ اور میرپورخاص میں اس دوران تیز بارشوں کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات نے تھر پارکر، عمر کوٹ، جامشورو اور دادو میں بھی منگل تک بارشوں کی پیشگوئی کی ہے

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں کراچی، ٹھٹھہ، بدین اور حیدر آباد میں اربن فلڈنگ ہوسکتی ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج کم سے کم درجۂ حرارت 31 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 35 سے 37 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

شہرِ قائد میں جنوب مغربی علاقوں سے ہوائیں 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب 63 فیصد ہے۔