شوہر نے لاک ڈاؤن کی وجہ سے 3مہینے بعد گھر آنے والی بیوی کے داخلے پر پابندی لگا دی

  • July 9, 2020, 2:32 pm
  • COVID-19
  • 139 Views

شوہر نے لاک ڈاؤن کی وجہ سے 3مہینے بعد گھر آنے والی بیوی کے داخلے پر پابندی لگا دی ۔ تفصیلات کے مطابق یہ واقع بھارت کے شہر بنگلور میں پیش آیا ہے جہاں ایک 38 سالہ خاتون 3 مہینے بعد اپنے گھر آئی ہے لیکن اسے گھر میں داخل نہیں ہونے دیا گیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شوہر نے بیوی کو حکم دیا کہ وہ کہیں اور جا کر 14دن قرنطینہ میں گزارے اور پھر گھر واپس آئے۔
اس حوالےسے مزید بتایا گیا ہے کہ بھارت میں جب لاک ڈاﺅن ہوا تو یہ خاتون چندی گڑھ میں تھی اور وہیں پھنس گئی۔ بالآخر چند روز قبل کسی طرح وہ گھر واپس پہنچنے میں کامیاب ہو گئی مگر جب دروازے پر پہنچی تو اس کے شوہر نے اسے اندر داخل ہونے سے روک دیا گیا۔ اس موقع پر خاتون نے بے یارومددگار ہو کر خواتین کی مدد کرنے والی ہیلپ لائن پر کال کی جس پر اس ادارے کے لوگوں نے آ کر شوہر کو سمجھایا جس کے بعد اس نے بیوی کو گھر میں داخل ہونے دیا۔
رپورٹ کے مطابق خاتون کا ایک 10 سال کا بچہ بھی ہے جو کہ لاک ڈاؤن کے دوران اپنے والد کے ساتھ تھا۔ اس حوالے سے سینئر کونسلر اپرنا پرنیش کا کہنا تھا کہ اس میاں بیوی کے جھگڑے معمول کی بات ہیں تاہم اس بار ان میں کوئی جھگڑا نہیں ہوا۔ اس بار شوہر کورونا وائرس کے خوف میں مبتلا تھا چنانچہ اس نے بیوی کو گھر میں داخل ہونے سے روک دیا۔ خیال رہے کہ بھارت بھی اس وقت کورونا کی لپیٹ میں آچکا ہے، بھارت میں اب تک 7 لاکھ 67 ہزار افراد کورونا کا شکار ہوگئے ہیں جبکہ 21 ہزار سے زیادہ افراد کورونا کا شکار ہو کر ہلاک ہو گئے ہین۔
اگر دنیا بھر میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو اب تک ایک کروڑ 21 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں،پانچ لاکھ 52ہزار سے زائد انسان لقمہ اجل بن چکے ہیں،صحت یاب ہونیوالوں کی تعداد 70لاکھ سے زیادہ ہے۔