اسٹاک ایکسچینج پر حملہ ، کراچی کے 8 حساس مقامات پر سواٹ کمانڈوز تعینات

  • July 9, 2020, 2:43 pm
  • National News
  • 175 Views

کراچی : پاکستان اسٹاک ایکسچینج حملے کے بعد شہر میں سیکیورٹی سخت کرتے ہوئے 8 اہم مقامات پر سواٹ کمانڈوز کو تعینات کردیا گیا، کمانڈوز کسی بھی دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے کم سے کم وقت میں تیار ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج حملے کے بعد شہر میں سیکیورٹی سخت کردی گئی اور سواٹ کمانڈوز کو شہر کے 8 اہم مقامات پر تعینات کردیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز مقصود میمن نے کہا کہ کراچی پولیس چیف کی جانب سےفیصلہ کیاگیا، سواٹ ٹیم میں انتہائی خصوصی تربیت یافتہ کمانڈوز ہیں، تمام کمانڈوز کو پاکستان آرمی اورنیوی کے کمانڈوز نے تربیت دی ہے۔

مقصود میمن کا کہنا تھا کہ حساس مقامات پرسواٹ کمانڈوزکو تعینات کیا گیاہے، کسی بھی دہشت گردی سےنمٹنےکےلیے کم سےکم وقت میں ٹیم تیارہوگی، ایس ایس یو ہیڈکوارٹرزسمیت 8مقامات پر سواٹ کمانڈوز تعینات ہوں گے۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے مزید کہا سواٹ کمانڈوز کی ہر ٹیم میں 8 جوان شامل ہیں، ڈی آئی جی ون فائیو کوبھی سواٹ ٹیم سے لنک کردیا گیا ہے، سواٹ کا مطلب اسپیشل ویپن اینڈ ٹیکٹکس ہے، ٹیم کے پاس کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہتھیارموجود ہیں۔