سندھ حکومت کا پنجاب سے قبل شادی ہالز کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ

  • July 15, 2020, 10:04 pm
  • COVID-19
  • 156 Views

سندھ حکومت کا پنجاب سے قبل شادی ہالز کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ، شادی ہالز ایسوسی ایشن عہدیداروں کا دعویٰ ہے کہ حکومت کیساتھ ہوئے مذاکرات کامیاب رہے، صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ نے یقین دہانی کروائی ہے کہ عید سے قبل کاروبار کھولنے کی اجازت دے دیں گے، وفاقی حکومت سے مشاورت کے بعد اعلان کیا جائے گا۔
نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ میں فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق سندھ شادی ہالز ایسوسی ایشن عہدیداروں نے دعویٰ کیا ہے کہ سندھ حکومت عید سے قبل ہی شادی ہالز کو کھولنے کی اجازت دینے کیلئے تیار ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ سے ہونے والے مذاکرات کامیاب رہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے یقین دہانی کروائی کہ صوبائی حکومت عید سے قبل ہی کاروبار کھولنے کی اجازت دینے کیلئے تیار ہے۔
اس حوالے سے صوبائی حکومت نے ایس او پیز بھی تیار کر لیے ہیں۔ صوبائی وزیر نے شادی ہالز ایسوسی ایشن عہدیداروں کو یقین دہانی کروائی کہ اس معاملے پر وفاق سے مشاورت کے بعد حتمی اعلان کر دیا جائے گا۔ شادی ہالز ایسوسی ایشن عہدیداروں کا کہنا ہے کہ وہ پرامید ہیں کہ انہیں جلد کاروبار کھولنے کی اجازت مل جائے گی۔ ہم صوبائی حکومت کے اعلان کا انتظار کریں گے۔
تاہم اگر صوبائی حکومت سے قبل وفاقی حکومت شادی ہالز کھولنے کی اجازت دیتی ہے، تو پھر کاروبار کا آغاز کر دیا جائے گا۔ یہاں واضح رہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس پھیلاو کے باعث شادی ہالز سمیت دیگر کئی کاروبار کئی ماہ تک بند رہے۔ اب وفاقی اور صوبائی حکومتیں کی جانب سے عائد پابندیوں میں نرمی کرنے کے بعد کئی کاروبار کھل چکے ہیں، تاہم شادی ہالز اب بھی بند ہیں۔ سندھ حکومت عید سے قبل شادی ہالز کھولنے کی بات کر رہی ہے، جبکہ پنجاب حکومت نے ستمبر کے ماہ میں شادی ہالز کھولنے کی اجازت دینے کا عندیہ دیا ہے۔