بھارت نے کلبھوشن تک قونصلر رسائی کی پاکستان کی پیشکش قبول کرلی

  • July 16, 2020, 4:04 pm
  • World News
  • 139 Views

اسلام آباد: بھارت نے اپنی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو تک قونصلررسائی کی پاکستان کی پیشکش قبول کرلی، آج ہی بھارتی قونصل خانے کے عملے کی جاسوس سے ملاقات ممکن ہے۔

ذرایع کے مطابق بھارتی ناظم الامور آج دفتر خارجہ پہنچے، اس دوران کلبھوشن یادیو کی قونصلر رسائی سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا اور بھارت نے پاکستان کی پیش کش قبول کرلی، بھارتی قونصلر کے عملے کی جانب سے آج را ایجنٹ سے ملاقات کا امکان ہے تاہم کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔

ذرایع نے یہ بھی بتایا ہے کہ بھارتی ناظم الامور اور وزارت خارجہ کے افسران میں شرائط و ضوابط طے کیے جارہے ہیں۔ خیال رہے کہ پاکستان پہلے بھی بھارت کو کلبھوشن یادیو تک قونصلر رسائی دے چکا ہے۔

یاد رہے کہ 8 جولائی کو پاکستان نے کلبھوشن کے معاملے پر بھارت کو دوسری قونصلر رسائی کی پیشکش کی تھی اور کہا تھا آئی سی جے فیصلے کے تحت نیا آرڈیننس جاری کیا ہے، آرڈیننس کے سیکشن 20 کے تحت کلبھوشن یادیو نظرثانی اپیل دائر کرسکتا ہے۔

بعد ازاں بھارت نے پاکستان میں گرفتار اور سزا یافتہ خفیہ ایجنسی ‘را’ کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو کی سزا کے خلاف نظرِ ثانی اپیل دائر کرنے سے انکار کردیا تھا، ردعمل میں سابق اٹارنی جنرل اشتراوصاف کا کہنا تھا کہ بھارت کا انکار حیران کن ہے۔


واضح رہے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو 3 مارچ 2016ء کو بلوچستان سے گرفتار کیا گیا، کلبھوشن نے دہشت گردی میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا تھا، باضابطہ مقدمہ چلایا گیا اور 2017ء میں فوجی عدالت نے سزائے موت سنائی تھی۔