تاجروں کا ’’ہارن بجاؤ، حکومت جگاؤ‘‘ تحریک شروع کرنے کا اعلان

  • July 17, 2020, 11:45 am
  • Breaking News
  • 149 Views

کراچی: ملک بھر کے چھوٹے تاجروں نے نامساعد کاروباری حالات، غیر دانشمندانہ پالیسیوں اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف ’’ہارن بجاؤ حکمران جگاؤ‘‘ تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

18جولائی کو اسلام آباد میں چھوٹے تاجروں کے صدر اجمل ہوتی،نعیم میر کی قیادت میں گاڑیوں کی ریلی کا اہتمام کیا گیا ہے جو ملک کے مختلف حصوں سے ہوتے ہوئے اسلام آباد ایوان کے سامنے گاڑیوں کے ہارن بجاکر ’سوئے ہوئے ‘ حکمرانوں کو جگانے کی کوشش کرے گی۔ اجتماع میں چاروں صوبوں کے تاجر بھرپور حصہ لیں گے۔

سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین جمیل احمد پراچہ اور آل سٹی تاجر اتحاد کے صدر شرجیل گوپلانی کراچی سے بھرپور تعداد میں تاجروں کے ساتھ شرکت کریں گے۔ یہ اجتماع پاکستان بھر کے تاجروں اور عوام کو ان کا حق دلانے کے لیے کیا جارہا ہے جبکہ اس وقت ملک بدترین معاشی بحران کا شکار ہے۔ کاروبار نہ ہونے کے برابر ہے اس کی وجہ حکومت کی ناقص پالیسیاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بجلی‘ گیس‘ تیل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ انتہائی تشویش ناک ہے۔ حکومت فی الفور یوٹیلٹی بلز میں کمی کرے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں دنیا بھر میں کم سے کم ہوتی جارہی ہیں اورملک میں بیک جنبش قلم فی لیٹر پیٹرول کی قیمت میں 25 روپے بڑھادیے گئے جس سے روزمرہ کی چیزیں مہنگی ہوگئی ہیں۔ اگرحالات و معاملات ایسے ہی رہے تو عوام اور تاجروں کی مشکلات مزید بڑھ جائیں گی، لہٰذا ملک بھر کے تاجروں کی مشترکہ آواز ہے کہ ہارن بجاکر حکمرانوں کو جگانا ہوگا۔