پاکستان میں ایک روز میں کورونا وائرس سے متاثرہ 14ہزار772 ریکارڈ مریض صحتیاب ہوگئے

  • July 19, 2020, 12:56 pm
  • COVID-19
  • 166 Views

پاکستان میں ایک روز میں کورونا وائرس سے متاثرہ 14ہزار772 ریکارڈ مریض صحتیاب ہوگئے، ملک میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 63 ہزار696 ہوگئی جبکہ 5ہزار568مریض جان کی بازی ہارچکے ہیں، اعدادوشمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے مزید 1580 نئے کیسز اور 46 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ ایک روز میں ہی ریکارڈ 14 ہزار 772 لوگ شفایاب ہوگئے۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو سامنے آیا اور اب تک اس وائرس کو یہاں ساڑھے 4 ماہ سے زیادہ کا عرصہ مکمل ہوچکا ہے۔ پاکستان میں پہلے کیس سے لیکر 31 مارچ یعنی ایک ماہ بعد کورونا وائرس کے مجموعی کیسز 2 ہزار تک پہنچے تھے جبکہ اموات 26 تھیں، جس کے بعد اپریل کے مہینے میں کیسز بڑھ کر ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئے اور اموات 385 ہوگئیں۔
مئی کے مہینے میں صورتحال بدلنا شروع ہوئی اور ایک ماہ میں کیسز 71 ہزار اور اموات 1500 سے تجاوز کرگئیں، رہی سہی کسر جون کے مہینے میں مکمل ہوگئی اور 30 یوم میں کیسز بڑھ کر 2 لاکھ 12 ہزار اور اموات 4300 کے ہندسےکو عبور کرگئیں۔ تاہم جولائی کے مہینے میں کیسز اور اموات کی یومیہ رفتار میں کمی آئی اور گزشتہ 17 روز میں 49 ہزار سے زائد کیسز اور لگ بھگ 1200 نئی اموات کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔
آج سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 880 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور 22 مریض انتقال کرگئے ہیں۔ آبادی کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 442 نئے کیسز اور 8 اموات کا اضافہ ہوا ہے۔ خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت کے مطابق صوبے بھر میں کورونا وائرس کے مزید 221 کیسز اور 9 اموات کا اضافہ ہوا ہے۔ بلوچستان میں کورونا وائرس کے مزید 19 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ وائرس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔