پنجاب حکومت کاعید الاضحیٰ پر اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ

  • July 27, 2020, 12:10 pm
  • National News
  • 129 Views

پنجاب حکومت کاعید الاضحیٰ پر اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ،چیف سیکرٹری پنجاب نے بتایا ہے کہ عید الاضحیٰ پر بازاروں میں خریداری کی سرگرمیوں سے کورونا پھیلنے کا خدشہ ہے، جس پرصوبائی حکومت نے مفاد عامہ میں سمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک کی زیر صدارت اجلاس ہوا،جس میں اسمارٹ لاک ڈاؤن اور مویشی منڈیوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سیکرٹری پرائمری ہیلتھ محمد عثمان کمشنر لاہور،‏ڈی آئی جی آپریشنز اور سیکریٹری بلدیات نے بھی شرکت کی ۔ پنجاب حکومت کی جانب سے کورونا کی روک تھام کیلئے عید الاضحیٰ کے موقع پر اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا گیا جبکہ اضلاع میں مویشی منڈیوں کے اوقات کار بڑھانے کا اختیار ڈپٹی کمشنرز کو تفویض کردیا گیا۔
اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ حکومت کیلئے انسانی جانوں کا تحفظ سب سے زیادہ اہم ہے، عید الاضحیٰ پر بازاروں میں خریداری کی سرگرمیوں سے کورونا پھیلنے کا خدشہ ہے، جس پرصوبائی حکومت نے مفاد عامہ میں سمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔

مویشی منڈیوں میں بچوں کے داخلے پر پابندی ہےجبکہ مویشی منڈیوں میں اسکرینگ کیلئے کاؤنٹر قائم کئے گئے ہیں۔ خیال رہے کہ پنجاب میں 91,691 کورونا مریض ہیں۔پنجاب میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 2 ہزار 113 ہوگئی ہے۔ ملک میں کورونا ٹیسٹنگ صلاحیت یومیہ 60 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔ اور 132 ٹیسٹنگ لیبارٹریز کام کر رہی ہیں۔ 30 شہروں میں ٹریس، ٹیسٹ اورقرنطینہ حکمت عملی موثر طریقے سے کام رہی ہے۔دوسری جانب چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے کہا کہ عیدالاضحی پر سیکیورٹی سخت کرنے کا حکم دیا گیا ہےاور اس مقصد کیلئے آئی جی پولیس پنجاب کو نماز عید کے اجتماعات کیلئے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔