نوسالہ پاکستانی طالبہ نے کیمیا دوری جدول مرتب کرنے کا نیا ریکارڈ قائم کردیا

  • August 4, 2020, 1:28 pm
  • Science & Technology News
  • 207 Views

لاہور: نو برس کی ہونہار پاکستانی طالبہ نے کیمیا کے دوری جدول (پیریاڈک ٹیبل) میں عناصر کو درست ترتیب میں رکھنے کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔

گلف نیوز کے مطابق 18 جولائی کو لاہور کی نتالیہ نجم نے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کیا۔ نتالیہ نجم نے صرف دو منٹ 42 سیکنڈ میں پیریاڈک ٹیبل کے عناصر کو برق رفتاری سے اپنی جگہ پر رکھ کر کم ترین مدت میں ان کو ترتیب کے ساتھ پیش کیا اور نتالیہ نے یہ کام سات سیکنڈ سے کم مدت میں انجام دیا۔

نتالیہ نے بھارتی پروفیسر میناکشی اگروال کا ریکارڈ سات سیکنڈ کے فرق سے توڑا ہے اور اس کارنامے کو انجام دینے کے بعد انہوں نے خوشی سے نعرہ لگایا اور ایک ویڈیو میں گنیز بک آف ورلڈریکارڈ کے ججوں نے ان کو سراہا۔

طالبہ نتالیہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں غیرمعمولی دلچسپی رکھتی ہیں اور وہ چاہتی ہیں کہ دنیا کے دیگر بچے بھی ان کے کام سے متاثر ہوکر سائنس، ٹیکنالوجی، انجیئرنگ اور ریاضی (ایس ٹی ای ایم) کی جانب راغب ہوں گے۔

جوں ہی پاکستانی سوشل میڈیا میں نتالیہ کی ویڈیو اور پوسٹ سامنے آئیں تو فیس بک صارفین نے انہیں بہت سراہا۔ کئی افراد نے انہیں پاکستان کی انتہائی کم عمرسائنس داں کا نام بھی دیا، نتالیہ چاہتی ہیں کہ بالخصوص لڑکیاں اس شعبے کو انتخاب کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ بچیاں سائنس کی جانب راغب ہوسکیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ نتالیہ کے والد حسن نجم نے کہا ہے کہ اب تک نتالیہ کو کسی اسکول میں داخل نہیں کرایا گیا اور انہیں گھر پر ہی تعلیم دی جارہی ہے۔