ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں ملکی تاریخ کی سب سے بڑی کمی ریکارڈ

  • August 17, 2020, 10:02 am
  • Business News
  • 545 Views

ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں ملکی تاریخ کی سب سے بڑی کمی ریکارڈ، ایک ہفتے کے دوران بین الاقوامی مارکیٹ کی طرح پاکستان کی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کی فی تولہ قیمت میں 13 ہزار روپے سے زائد کی کمی ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ کچھ عرصے کے دوران پاکستان سمیت عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں تاریخ کے تمام ہی ریکارڈ توڑ ڈالے۔
عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 2 ہزار ڈالرز کی سطح تک جا پہنچ تھی۔ جبکہ پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت 1 لاکھ 30 ہزار روپے سے تجاوز کر گئی تھی۔ تاہم رواں ہفتے کے دوران عالمی اور پاکستانی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں بڑی کمی دیکھنے میں آئی۔ بتایا گیا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 13 ہزار روپے سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
آج بروز جمعہ کو یوم آزادی کے سلسلے میں ملک بھر میں تعطیل تھی اس لیے صرافہ مارکیٹیں بھی بند رہیں۔ یوں رواں ہفتے کے دوران صرف 4 روز کاروبار ہوا۔ گزشتہ روز سونے کی فی تولہ قیمت مزید 1ہزارروپے کی کمی سے ایک لاکھ19ہزار روپے کی سطح پر آگئی تھی۔ جبکہ 858روپے کی کمی سے دس گرام سونے کی قیمت 1لاکھ2ہزار23روپے ہو گئی۔ رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز سونے کی فی تولہ قیمت میں 3 ہزار روپے، دوسرے کاروباری روز 2 ہزار 900 روپے، جبکہ تیسرے کاروباری روز 6 ہزار 100 روپے کی کمی ہوئی۔
یہ پاکستان میں ایک دن کے دوران سونے کی فی تولہ قیمت میں ہونے والی سب سے زیادہ کمی تھی۔ یوں رواں ہفتے کے آغاز میں سونے کی فی تولہ قیمت جو 1 لاکھ 32 روپے سے زائد تھی، وہ اب 1 لاکھ 19 ہزار روپے کی سطح پر آگئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ سونے کی طلب میں کمی کی وجہ سے قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔