بلوچستان میں آج سے پولیو مہم كا آغاز،21 لاكھ بچوں كو قطرے پلائے جائیں گے

  • August 17, 2020, 10:08 am
  • Health News
  • 210 Views

کوئٹہ: ملک بھر میں کورونا وباء کے خطرات کم ہونے کے بعد صوبائی دارالحكومت كوئٹہ سمیت بلوچستان كے 25اضلاع میں 5 روزہ انسداد پولیو مہم کا آج سے آغاز ہوگا جس میں 21لاكھ بچوں كو پولیو كے قطرے پلانے كا ہدف مقرركیا گیا ہے اور مہم میں 8 ہزار سے زائد ٹیمیں حصہ لیں گی۔

پولیو ایمرجنسی آپریشن سینٹر بلوچستان كے كو آرڈینیٹر راشد رزاق كے مطابق بلوچستان كے 25اضلاع میں 5 روزہ انسداد پولیو مہم آج سے شروع ہوگی، مہم كے دوران 5 سال تک كی عمر كے 20 لاكھ 98 ہزار 7 سو 74 بچوں كو پولیو سے بچاؤ كے قطرے پلانے كا ہدف مقرر كیا گیا ہے۔

راشد رزاق کا کہنا ہے کہ مہم كے دوران 8 ہزار 24 ٹیمیں حصہ لیں گی، جن میں 7 ہزار 4 سو 43 موبائل ٹیمیں جب كہ 74 كسڈ سائیٹ شامل ہیں، دنیا بھر میں صرف پاكستان اور افغانستان میں پولیو وائرس موجود ہے، ملک بھر میں رواں سال كے دوران 65 جب كہ بلوچستان میں 16 كیسز رپورٹ ہوئے ہیں، كوئٹہ، پشین اور قلعہ عبداللہ میں بچوں كیلئے پولیو وائرس سے متاثر ہونے كا خدشہ موجود ہے۔
انہوں نے كہا كہ انسداد پولیو مہم كو كامیاب اور ہر بچے كو قطرے پلانے كیلئے كمیونٹی ہیلتھ رضا كاروں كی بھی خدمات لی جارہی ہیں، جو ان ہائی رسک علاقوں میں فرائض انجام دیں گے جہاں بچوں تک رسائی مشكل ہے، اس عمل كو بہتر بنانے كیلئے علماء كرام، قبائلی عمائدین اور معتبرین كی بھی مدد لی جارہی ہے جب کہ ہماری میڈیا، عوام اور ہر شہری سے اپیل ہے كہ وہ اس مہم كو كامیاب بنانے میں اپنا كردارادا كریں تاكہ ہمارے بچے مستقل معذوری سے بچ سكیں۔

پولیو ایمرجنسی آپریشن سینٹر بلوچستان كے كو آرڈینیٹر نے مزید کہا کہ پولیو لا علاج مرض ہے اور پولیو ویكسین پلا كر ہی بچوں كو اس سے محفوظ كیا جاسكتا ہے، انسداد پولیو مہم كیلئے سیكورٹی انتظامات مكمل كرلئے گئے ہیں، جس میں ضرورت كے مطابق بلوچستان لیویز اور پولیس كا عملہ بھی تعینات ہوگا اور فرنٹیئر كور (ایف سی) بلوچستان كی اضافی سیكیورٹی فراہم كرے گی جب کہ والدین سے اپیل كرتے ہیں كہ اپنے بچوں كو انسداد پولیو كے قطرے پلائیں اور بار بار پلائیں كیوں كہ وائرس یہاں موجود ہے جو كسی بھی وقت ان بچوں پر حملہ آور ہوسكتا ہے۔