فی تولہ سونے کی قیمت میں یکدم 2900 روپے کا اضافہ

  • August 19, 2020, 11:09 am
  • Business News
  • 147 Views

مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ اور دس گرام قیمت میں بالترتیب 2900 روپے اور 2487 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ عالمی و مقامی مارکیٹوں میں منگل کے روز بھی سونے کی قیمتوں میں اضافے کا رحجان غالب رہا، بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس 24 قیراط سونے کی قیمت میں مزید 30 ڈالر کا اضافہ ہوا اور عالمی بازار میں سونے کی فی اونس قیمت بڑھ کر 2005 ڈالر کی سطح پرآگئی، دوسری جانب ملکی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی تولہ اور دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 2900 روپے اور 2487 روپے کااضافہ ہوگیا۔
قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 1 لاکھ 22 ہزار 300 روپے اور دس گرام سونے کی قیمت اضافے کے بعد 1 لاکھ 4 ہزا ر 853 روپے کی سطح پر آگئی۔بلین مارکیٹ کے نمائندوں کا کہناہے کہ دبئی گولڈ مارکیٹ کے مقابلے میں پاکستانی صرافہ مارکیٹوں میں منگل کو بھی فی تولہ سونے کی قیمت 4000روپے کم رہی ہے۔ دوسری جانب مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ چاندی کی قیمت 60 روپے بڑھ کر 1530 روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت 51 روپے 44 پیسے بڑھ کر 1311 روپے 72 پیسے ہوگئی۔