عمران حکومت کا تیسرا سال ترقی کا سال ہوگا: شیخ رشید

  • August 20, 2020, 3:47 pm
  • National News
  • 128 Views

اسلام آباد: وزیر ریلوے شیخ رشید نے وفاقی حکومت کے تیسرے سال کو ترقی کا سال قرار دیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان نے 2 سال میں مسائل کا ازالہ کرنے کی کوشش کی اب تیسرا سال عمران خان کی حکومت کی ترقی کا سال ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس بار منتخب حکومت اور عسکری قیادت ایک لائن لینتھ اور ایک سوچ پر ہیں۔

اپوزیشن جماعتوں سے متعلق بات کرتے ہوئے شخ رشید نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے بہت سارے لوگ نااہل ہوتے دیکھ رہا ہوں۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ پہلے بھی نوازشریف کو مروایا اور اب بھی مریم نواز ہی ن لیگ کو مروائے گی، انہوں نے دیکھا کہ لندن جانے کی گنجائش نہیں تو پتھراؤ کیاگیا اور کہا گیا کہ میری گاڑی کو پتھر مارا گیا، اس ساری چیخ اور پکارسے حمزہ شہباز کا کیس سیریس دیکھ رہا ہوں۔

کراچی کے مسائل پر بات چیت ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) کو بھی اسی سال اپنی حد تک پورا کرنے جارہے ہیں، اس سلسلے میں خود بھی کراچی جارہا ہوں، اگر سندھ حکومت راستہ دے تو کے سی آر کا ٹریک تین چار ماہ میں بچھا دیں گے۔

اسرائیل سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے واضح کہا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا اور کوئی یہ جرات ہی نہیں کرسکتا کہ ریاست مدینہ جیسے پاکستان میں اسرائیل کی بات کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب کی سلامتی اور معاملات پاکستان کے معاملات ہیں ان پر حرف نہیں آسکتا۔