ماشاءاللہ پاکستان کی معیشت درست سمت پر ہے،عمران خان

  • August 24, 2020, 12:03 pm
  • Business News
  • 127 Views

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماشاءاللہ پاکستان کی معیشت درست سمت پر ہے، پچھلے سال جولائی میں 613 ملین ڈالرز کے خسارے کے بعد صورتحال سنبھل گئی ہے،رواں سال جولائی میں کرنٹ اکاؤنٹ میں 424 ملین ڈالرز سرپلس ہے۔
انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان کی معیشت، ماشاءاللہ درست راہ پر گامزن ہے۔ جولائی 2019 میں 613 ملین ڈالرز اور جون 2020 میں 100 ملین ڈالرز کے خسارے کے بعد صورتحال سنبھل گئی ہے چنانچہ جولائی 2020 میں کرنٹ اکاؤنٹ میں 424 ملین ڈالرز اضافی (سرپلس) جمع ہوچکے ہیں۔
اسی طرح سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے جولائی 2020ء کے دوران بھیجی گئی ترسیلات زر میں سب سے زیادہ 36.5 فیصد اضافہ ہوا ہے، اس دوران ترسیلات زر 2768.1 ملین ڈالر تک بڑھ گئیں جبکہ جولائی 2019ء میں 2027.9 ملین ڈالر وصول ہوئے تھے۔

اس طرح پاکستان کی تاریخ میں کسی ایک ماہ کے دوران ترسیلات زر کی وصولی میں سب سے زیادہ 36.5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق جون کے مقابلہ میں جولائی 2020ء میں ترسیلات زر میں 12.2 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ جون 2020ء میں سمندر پار مقیم پاکستانیوں نے 2366.3 ملین ڈالر پاکستان بھیجے تھے۔ جولائی 2020ء میں وصول ہونے والے ترسیلات زر میں سعودی عرب کا حصہ 29.7 فیصد، یو اے ای 19.4 فیصد رہا اور سعودی عرب سے 821.6 ملین ڈالر جبکہ یو اے ای سے 538.2 ملین ڈالر وصول ہوئے ہیں۔
اسی طرح امریکہ س 9.1 فیصد 250.6 ملین ڈالر، برطانیہ 14.2 فیصد 393.9 ملین ڈالر اور دیگر خلیجی ممالک کا حصہ 10.7 فیصد 297 ملین ڈالر رہا ہے۔ مزید برآں ملائیشیا سے 0.8 فیصد 22.3 ملین ڈالر اور یورپی یونین سے 8.2 فیصد 227.6 ملین ڈالر اور دیگر ممالک سے 7.8 فیصد ترسیلات موصول ہوئی ہیں۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان نے حکومت کی ہدایت پر قانونی ذرائع سے پاکستان رقوم کی منتقلی کی حوصلہ افزائی کیلئے متعدد مراعات متعارف کرائی ہیں جس کے بعد قانونی طور پر بیرون ملک سے پاکستان پیسے بھجوانے کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔