چین 3400 ارب ڈالر زرمبادلہ رکھنے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا

  • August 24, 2020, 11:20 pm
  • Business News
  • 156 Views

زرمبادلہ کے مضبوط ذخائر کسی بھی ملک کے معاشی طور پر مستحکم ہونے کو ظاہر کرتے ہیں اور اس وقت دنیا بھر میں چین 3400ارب ڈالر کے ساتھ عالمی سطح پر سب سے زیادہ زرمبادلہ رکھنے والا ملک ہے ۔آئی ایم ایف کے اعداد وشمار کے مطابق چین میں زرمبادلہ کے ذخائر میں مسلسل اضافے کا رجحان ہے جس کی بڑی وجہ سرمایہ کاری کے شعبے میں چین کی جارحانہ حکمت عملی اور بڑھتی ہوئی بر آمدات ہیں،چین کے پاس1948ٹن سے زائد سونے کے ذخائر بھی موجود ہیں۔
دنیا بھر میں زیادہ زرمبادلہ رکھنے والے ممالک میں جاپان 1390ارب ڈالرکے ساتھ دوسرے ،سوئٹزرلینڈ850ارب ڈالر کے ساتھ تیسرے ،روس562ارب ڈالرکے ساتھ چوتھے ، سعودی عرب502ارب ڈالرکے ذخائر کے ساتھ پانچویں، تائیوان 480ارب ڈالرکے ساتھ چھٹے ، ہانگ کانگ 475ارب ڈالر کے ساتھ ساتویں، بھارت 473 ارب ڈالرکے ساتھ آٹھویں،جنوبی کوریا 410ارب ڈالر کے ساتھ نویں اور برازیل 360ارب ڈالرکے ساتھ دسویں نمبر پر ہے ۔
حیرت انگیز طور پر زرمبادلہ کے زیادہ ذخائر رکھنے والے دنیا کے دس بڑے ممالک میں امریکا شامل نہیں ہے ،امریکا کے پاس اس وقت 129ارب ڈالر کے ذخائر موجود ہیں،پاکستان اس فہرست میں انتہائی نیچے دکھائی دیتا ہے جس کے زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر محض19ارب65کروڑ ڈالرکی سطح پر ہیں جس میں سے سرکاری زرمبادلہ کے ذخائر 12ارب60کروڑ ڈالر ہیں ۔