کوئٹہ: حالیہ بارشیں، مچھ پل کا ایک حصہ منہدم، ملک بھر سے زمینی رابطہ منقطع

  • August 26, 2020, 11:43 am
  • National News
  • 142 Views

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان کے علاقے مچھ پل کا ایک حصہ حالیہ بارشوں کے باعث منہدم ہونے سے مچھ کا ملک بھر سے زمینی راستہ منقطع ہوگیا جبکہ بولان میں انتظامیہ کی جانب سے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

بولان کے علاقے مچھ پل کے پشتے گزشتہ چھ ماہ سے ختم تھے حالیہ بارشوں اور ندی میں سیلاب کے باعث اس کے پشتوں کو مزید نقصان پہنچا ہے جس سے شروع والا حصہ بیٹھ گیا۔ اس سے قبل جب مچھ پل کا ایک حصہ منہدم ہوا تھا تو اس کی مرمت میں 3 سال لگے تھے، متعلقہ محکمے کی غیر ذمہ داری سے عوام کی مشکلات اور تکالیف میں مزید اضافہ ہو گیا۔

حالیہ بارشوں کے بعد کمشنر نصیر آباد عابد سلیم کی جانب سے رین الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔ کمشنر نصیر آباد کا کہنا ہے کہ بولان میں جاری بارش کے بعد بولان ندی میں سیلابی کیفیت ہے، انتظامیہ کسی بھی قسم کی صورتحال سے موثر طور پر نمٹنے کے لیۓ تیار ہے، تمام متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔

کمشنر کی جانب سے عوام کو بولان قومی شاہراہ پر غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کرنے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔