سوات اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے

  • August 26, 2020, 2:51 pm
  • Breaking News
  • 150 Views

پشاور: سوات اور اس کے گرد و نواح میں 5.1 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا، زلزلے کی گہرائی 120 کلو میٹر جبکہ مرکز کوہ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع سوات اور اس کے گرد و نواح میں 5.1 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا۔

زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کی گہرائی 120 کلو میٹر تھی جبکہ زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔ خوش قسمتی سے تاحال کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

یاد رہے کہ چند روز قبل صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کے جھٹکوں کی زیر زمین گہرائی 10 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز شہر سے 40 کلو میٹر شمال میں واقع گڈاپ تھا۔

ایک ماہ قبل پشاور اور سوات سمیت متعدد شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.1 ریکارڈ کی گئی۔

شانگلہ، سوات، مالاکنڈ، کوہستان، مانسہرہ، بالا کوٹ اور بٹگرام میں محسوس کیے جانے والے زلزلے کی شدت 5.1 ریکارڈ کی گئی تھی، زلزلے کی زیر زمین گہرائی 223 کلو میٹر تھی جبکہ مرکز افغانستان تاجکستان کا سرحدی علاقہ تھا۔