زلفی بخاری کیخلاف مقدمہ لڑنے کیلئے ریحام خان نے عوام سے چندہ مانگ لیا

  • August 26, 2020, 2:55 pm
  • Political News
  • 146 Views

ریحام خان نے زلفی بخاری کے خلاف مقدمہ لڑنے کیلئے عوام سے چندے کی اپیل کردی،3دن میں محض 130 پاؤنڈز ہی جمع کر پائی ہیں۔ ریحام خان نے اپنے یوٹیوب چینل پر روز ویلٹ ہوٹل بیچنے کی خبر دی اور زلفی بخاری اور انیل مسرت پر الزامات عائد کیے کہ وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے اپنے دوستوں کو نوازنے کیلئے پاکستان کے قیمتی اثاثے روز ویلٹ ہوٹل کو بیچنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ان کے اس الزام پر زلفی بخاری نے ریحام خان کو قانونی نوٹس بھجوادیا جس پر انہوں نے مقدمہ لڑنے کیلئے عوام سے چندے کی مہم شروع کردی۔
اپنے ٹویٹ میں ریحام خان نے کہا کہ زلفی بخاری نے نوٹس بھجواکرانہیں بولنے کے حق سے محروم کیا،وہ اپنا بولنے کا حق لینا چاہتی ہیں،انہیں لندن ہائیکورٹ میں زلفی بخاری کے خلاف کیس لڑنے کیلئے اپنے تمام دوستوں اور فالوورز کے تعاون کی ضرورت ہے۔
ریحام خان نے اس موقع پر ایک لنک بھی شیئر کیا اور کہا عوام اس لنک پر جاکر انہیں چندہ دے سکتے ہیں۔

ریحام خان اس سے قبل دعویٰ کر چکی ہیں کہ عمران خان مریم نواز اور شہبازشریف سے بہت زیادہ حسد کرتے تھے۔ ایک آن لائن انٹرویو میں بات کرتے ہوئے سابق اہلیہ وزیراعظم عمران خان ریحام خان نے انکشاف کیا ہے کہ عمران خان مریم نواز اور شہبازشریف سے بہت زیادہ حسد کرتے تھے۔ بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جب مریم نواز امریکہ میں مشال اوبامہ کے ہمراہ تعلیم کے موضوع پر تقریر کر رہی تھیں تو میں نے عمران خان کو کہا کہ ٹی وی دیکھو لیکن وہ اتنا حسد کرتے تھے کہ اٹھ کر چلے گئے۔
ریحام خان کا کہنا تھا کہ جب بھی کوئی شخص پاکستان کی نمائندگی کہیں بھی کرتا ہے تو ہم اس کو سنتے ہیں، وہ اپوزیشن جماعت کا ہو یا اپنی پارٹی، ہم اس کا سنتے ضرور ہیں، لیکن عمران خان اس قدر حسد کرتے تھے کہ انہوں نے مریم نواز کی تقریر تک نہیں سنی اور اٹھ کر چلے گئے۔