بی آر ٹی پشاور بس میں آگ بھڑک اٹھی

  • August 27, 2020, 11:00 am
  • Breaking News
  • 118 Views

بی آر ٹی پشاور کی بس میں آگ بھڑک اٹھی، آگ لگنے کا واقعہ حیات آباد اسٹیشن پر پیش آیا، ریسکیو 1122 نے آگ پر بروقت قابو پا لیا، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ کے دارالحکومت پشاور سے تشویش ناک خبر موصول ہوئی۔ بتایا گیا ہے کہ بدھ کی شب کو بی آر ٹی پشاور کے حیات آباد اسٹیشن پر تشویش ناک صورتحال پیدا ہوئی۔



بی آر ٹی کے مرکزی روٹ پر واقع حیات آباد اسٹیشن پر کھڑی بس میں آگ بھڑک اٹھی۔ بتایا گیا ہے کہ آگ بس کی چھت پر لگی۔ بس پر آگ لگنے کے بعد جلد ہی ریسکیو 1122 سروس کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ ریسکیو 1122 اہلکاروں نے بس کی چھت پر لگی آگ پر بروقت قابو پا لیا۔ واقعے کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ بی آر ٹی پشاور کا رواں ماہ ہی افتتاح کیا گیا تھا۔

منصوبہ ڈھائی سال کی مدت کے بعد مکمل ہوا۔ افتتاح کے بعد منصوبے میں کئی خامیاں سامنے آئیں، جس کے حوالے سے صوبائی حکومت کا موقف ہے کہ ان خامیوں کو جلد دور کر دیا جائے گا۔ صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ اتنے بڑے منصوبے میں خامیاں سامنے آتی ہیں، جنہیں ٹھیک کر لیا جائے گا۔ جبکہ منصوبے میں شامل فیڈر روٹس کو بھی جلد مکمل طور پر فعال کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔