نیوزی لینڈ: مساجد میں نمازیوں کو شہید کرنیوالے دہشتگرد کو تادم مرگ قید کی سزا

  • August 27, 2020, 11:12 am
  • Breaking News
  • 108 Views

نیوزی لینڈ کی مساجد میں نمازیوں کو شہید کرنے والے دہشت گرد برینٹن ٹیرینٹ کو تادم مرگ قید کی سزا سنا دی گئی۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق نیوزی لینڈ کی تاریخ میں پہلی بار کسی ملزم کو بغیر پیرول کے عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

آسٹریلوی دہشت گرد برینٹن ٹیرینٹ نے پہلے اعتراف جرم سے گریز کیا تھا تاہم پھر دہشت گردی تسلیم کر لی تھی۔

فیصلے کے وقت عدالت کے باہر متاثرین بڑی تعداد میں موجود تھے اور رقت آمیز مناظر بھی دیکھنے کو ملے۔

کیوی وزیراعظم جسنڈا آرڈرن نے عدالتی فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ مساجد پر حملہ کرنے والا دہشت گرد عمر قید کا ہی مستحق تھا۔

جسنڈا آرڈرن کا مزید کہنا تھا کہ فیصلے سے معلوم ہوتا ہے کہ دہشت گرد کے پاس اپیل کا کوئی پلیٹ فارم موجود نہیں ہے اور ہمارے پاس بھی اسے دیکھنے اور اس کی اپیل سننے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔

یاد رہے کہ آسٹریلوی دہشت گرد نے 15 مارچ 2019کو نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی 2 مساجد میں فائرنگ کی تھی۔

نماز جمعہ کے موقع پر کرائسٹ چرچ کی مساجد میں فائرنگ سے 51 نمازی شہید اور 40 زخمی ہوئے تھے۔

دہشت گرد اس حملے کی ویڈیو اپنے ہیلمٹ پر لگے کیمرے سے سوشل میڈیا پر لائیو ٹیلی کاسٹ کرتا رہا۔

ان حملوں کے وقت بنگلا دیش کی کرکٹ ٹیم بھی کرائسٹ چرچ میں موجود تھی جو اس حملے میں محفوظ رہی تاہم حملوں میں 9 پاکستانی شہری جاں بحق ہوئے۔