ایک ہی رات میں طوفانی بارشوں کے 2 اسپیل کراچی سے ٹکرانے کیلئے تیار

  • August 28, 2020, 10:23 am
  • Weather News
  • 148 Views

ایک ہی رات میں طوفانی بارشوں کے 2 اسپیل کراچی سے ٹکرانے کیلئے تیار، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جنوب میں موجود سسٹم کو سمندر سے نمی مل رہی ہے، آج رات سے صبح تک شدید بارشوں کے 2 اسپیل برسنے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق طوفانی اور مسلسل مون سون بارشوں سے ملک کا سب سے بڑا شہر کراچی ڈوب چکا ہے۔
گزشتہ روز محکمہ موسمیات نے پیشن گوئی کی تھی کہ کراچی میں برسنے والا بارش کا سسٹم کمزور ہو رہا ہے، تاہم جمعرات کے روز یہ پیشن گوئی غلط ثابت ہوئی اور پھر سے طوفانی بارش نے شہر کو ڈبو دیا۔ اب بتایا گیا ہے کہ آج رات سے صبح تک مزید 2 اسپیل کراچی میں بارش برسائیں گے۔ محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ کراچی کے جنوب میں مون سون کا ایک سسٹم موجود ہے جسے مسلسل سمندر سے نمی مل رہی ہے۔
اسی باعث شہر قائد میں بارشوں کے مزید اور یکے بعد دیگر 2 اسپیل برسیں گے۔ بتایا گیا ہے کہ پورے کراچی میں اس وقت صورتحال کنڑول سے باہر ہو چکی ہے۔کراچی ایک سمندر کا منظر پیش کرنے لگا ہے۔ اب تک مختلف واقعات میں کئی افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ کراچی میں ماہ اگست کے دوران بارشیں برسنے کے تمام ریکارڈ ٹوٹ چکے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے پاس کراچی کی بارشوں کا 89 سال کا ریکارڈ موجود ہے، اس ریکارڈ کے مطابق شہر قائد میں گزشتہ 89 سال کے دوران کبھی اتنی بارش نہیں ہوئی۔
بتایا گیا ہے کہ شہر قائد میں 400 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صرف ایک دن کے دوران اب تک پی اے ایف فیصل بیس پرسب سے زیادہ 130 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی۔ جبکہ کراچی کے قریب واقع حب ڈیم 13 سال بعد مکمل طور پر بھر گیا ہے۔ اس تمام صورتحال میں آرمی چیف کے حکم پر پاک فوج امدادی کاموں میں مصروف ہے۔ تاہم سیاسی قیادت اور شہری انتظامیہ منظر عام سے غائب ہے۔