اتنی شدید بارش میں کچھ بھی نہیں ہوسکتا ،شہری گھروں میں رہیں، باہر نہ نکلیں

  • August 28, 2020, 10:25 am
  • Weather News
  • 147 Views

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے ایک نجی ٹی وی چینل کو اپنے دیئے گئے بیپر میں عوام کو اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ شہر کو بے یارو مددگار چھوڑ دیا گیا جو کہ بلکل ایسا نہیں، صبح سے ہماری ٹیمیں کمشنر کراچی،واٹر بورڈ ، صوبائی وزرا روڈوں پر ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اتنی شدید بارش میں کچھ بھی نہیں ہوسکتا جب تک بارش رک نہ جائے، میں خود بھی صبح سے مانیٹرنگ کررہا ہوں اور کچھ وفاقی وزرا سے بھی بات کی ہے اور ہم دیکھ رہے ہیں کہ کس طرح سے اس پانی کو جلد از جلد نکالا جاسکتا ہے۔
یاد رہے کہ دو دن قبل کراچی میں اگست کے ماہ میں بارش کا 298 ملی میٹر رکارڈ تھا جوکہ دو دن پہلے 345 ملی میٹر بارش پڑنے سے رکارڈ ٹوٹ چکا ہے۔
انھوں نے کہا کہ شہر کے تمام شاہراہوں سے سوائے نشیبی علائقوں سے پانی ہر جگہ سے نکل چکا تھا۔ لیکن جمعرات کی شدید بارش کے بعد جو مجھے بتایا گیا کہ ہے کہ فیصل بیس پر 140 ملی میٹر بارش ہوچکی ہے ابھی اور ہونا باقی ہے میری تمام ٹیم رابطے میں ہے ہمارے کمشنر بھی رابطے میں ہیں۔

ہماری کوشش ہے کہ جہاں لوگوں کے مکانات کو نقصان کا خطرہ ہے وہاں سے پانی جلد از جلد نکالا جائے۔ انھوں نے بتایا کہ محکمہ موسمیات نے کل شام تک وقفے وقفے سے بارش کی پیش گوئی کی ہے اگر اسی طرح سے بارش ہوتی رہی تو صورتحال مزید خراب ہوسکتی ہے۔ ہماری کچی آبادیاں جہاں نالوں سے ساتھ مکانات بنے ہوئے ہیں اگر اوور فلو ہوجائیں تو گھروں کے اندر پانی چلا جاتا ہے جسکے لیے ضلعی انتظامیہ نے بندوبست کیا ہے کہ اسکول ، کالجز اور شادی ہالز میں ان مکینوں کو رہائش دی جائے اور وہاں انھیں کھانا پینا بھی فراہم کیا جارہا ہے ان سلسلے میں عام فورسز کی بھی مدد لے رہے ہیں ان تمام علائقوں پر ہماری توجہ مرکوز ہے۔
انھوں نے کہا کہ بارش کا پانی تبھی ہی نکل سکتا ہے جب تھوڑا سا درمیان میں وفقہ ہوگا جوکہ میں بتاتا چلوں کہ ایک دو گھنٹے کا وقفہ آیا تھا جس میں، میں خود نکلا ہوں تھوڑا سا جائزہ لیا ہے اور انتظامیہ نے مجھے 1:30 بجے کے ڈی اے چورنگی کی تصویر بھیج کر صورتحال سے آگاہ کیا تھا تو اس وقت کمر تک پانی موجود تھا جب 4:00 یا 4:30 بجے تک مجھے وہاں کی تصاویر دکھائی گئی تو ایک سے ڈیڑھ انچ پانی رہ گیا تھا۔
تو کہنے کا مطلب ہے کہ بارش کا پانی تب ہی نکالا جاسکتا ہے جب بارش رک جائے اور دوبارہ نہ ہونے کے امکان ہوں ۔ چینل کے توسط سے میں عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ گھروں میں رہیں ، گھروں سے نہ نکلیں۔ انھوں نے بتایا کہ جب میں تھوڑی دیر کے لیے باہر نکلا تھا صورتحال کا جائزہ لینے تو دیکھا کہ لوگ تو اپنے فیمیلیز اور بچوں کے ساتھ تفریح کے لیے باہر نکلے ہوئے ہیں جوکہ اچھی بات ہے موسم کو انجوائے کرنا لیکن یہ خطرناک بھی ہوسکتا ہے کیوں کہ جو بارش ہوئی ہے اس سے تمام سڑکیں زیر آب ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انھوں نے بتایا کہ میں خود کل کراچی سے باہر گیا تھا ٹھٹہ، سجاول ، ٹنڈومحمد خان، بدین ، تھرپارکر اور حیدرآباد ان تمام اضلاع کا دورہ کرکے آیا ہوں اور آج بھی میں ان سب سے رابطے میں ہوں۔ ہم نے تمام وزرا کی ہر ضلع میں ڈیوٹی لگائی ہوئی ہے بالخصوص جہاں بارش زیادہ ہوئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم لوگوں کے ساتھ موجود ہیں، ہماری انتظامیہ ، ہمارے وزرا ، پاکستان پیپلز پارٹی کے عہدیدار یہ سب موجود ہیں اور لوگوں کی مدد کے لیے پیش پیش ہیں۔
وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے شدید برسات سے پیدا ہونے والی صورتحال سے متعلق اپنے بیان میں کہا کہ کراچی میں شدید برسات کے سبب ڈزاسٹر کی صورتحال ہوگئی ہے۔ وزیراعلی سندھ نے کمشنر کراچی کو ہدایت کی کہ ملیر کے علاقے میں اسکول کی عمارات خالی کرائی جائیں، ملیر اور سکھن میں رہنے والے لوگ پھنس گئے ہیں ان لوگوں کا انخلا فوری شروع کیا جائے اورمتاثرہ لوگوں کو اسکولوں میں رکھا جائے۔
پی ڈی ایم اے سکولوں میں متاثرہ لوگوں کو کھانا، پینا اور تمام ضروری اشیا مہیا کی جائیں۔ انھوں نے کہا کہ اللہ پاک رحم فرمائے، کچے مکانات میں رہنے والے لوگوں کی پریشانی ہے۔ لوگوں کی مدد کیلئے ڈی ایم سیز، ڈی سیز، پی ڈی ایم اے کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرز کو اپنے عملے کے ذریعے شہریوں کا خیال رکھنے کا بھی کہا ہے۔