کراچی میں طوفانی بارش18 افراد کی جان لے گئی

  • August 28, 2020, 10:30 am
  • Breaking News
  • 135 Views

کراچی : شہر قائد میں گزشتہ روز ہونے والی طوفانی بارش میں ہونے والے مختلف حادثات میں 18 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے، مرنے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو بارش کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں ہونے والے حادثات کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 18 افراد ہلاک ہو گئے۔

اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ صائمہ اسکوائر میں دیوار گرنے سے جاں بحق افراد کی تعداد7ہے جبکہ فیروزآباد کے علاقے میں دیوار گرنےسے ایک شخص جاں بحق ہوا۔

پولیس کے مطابق کورنگی ندی اور گڈاپ میں ڈوبنے سے دو افراد جاں بحق ہوئے جبکہ ملیر کے علاقے سکھن میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق اور ڈیفنس تھانے کی حدود میں ایک شخص پانی میں ڈوب کر انتقال کرگیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بارش کے بعد شاہ فیصل کالونی میں بھی ایک شخص پانی میں ڈوب کرجاں بحق ہوا، پی ای سی ایچ ایس میں معذور خاتون گھر میں پانی میں ڈوب کر انتقال کرگئیں۔

اس کے علاوہ ابراہیم حیدری میں دیوار گرنے سے ایک خاتون جن کا نام ربیعہ معلوم ہوا انتقال کرگئیں، سعدکالونی میں ایک شخص ڈوب کرجان کی بازی ہارگیا جبکہ نبی بخش کے علاقے میں ایک شخص دیوار گرنےسے جاں بحق ہوگیا۔

واضح رہے کہ کراچی میں جمعرات کی صبح سے موسلادھار بارش کا سلسلہ دن بھر جاری رہا، محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں 200 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی جس کے بعد شہر کی اہم سڑکیں اور شاہراہیں ندی نالوں کا منظر پیش کر رہی ہیں۔