ملک کے 2 سب سے بڑے ڈیم مکمل طور پر بھر گئے

  • August 28, 2020, 9:51 pm
  • Business News
  • 205 Views

ملک کے 2 سب سے بڑے ڈیم مکمل طور پر بھر گئے، تربیلا اور منگلا ڈیم کے علاوہ چشمہ کے ذخائر بھی مکمل طور پر بھر گئے، پاکستان کو 900 ارب روپے کا فائدہ ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے دو بڑے آبی ذخائر منگلا اور تربیلا میں پوری صلاحیت کے مطابق پانی ذخیرہ کر لیا گیا ہے۔ اس حوالے سے واپڈا حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ تربیلا اور منگلا ڈیم میں پوری صلاحیت کے مطابق پانی ذخیرہ کرلیا گیا۔



بتایا گیا ہے کہ تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح ایک ہزار550 فٹ اور منگلا ڈیم میں پانی کی سطح ایک ہزار242فٹ ہے۔ ترجمان کے مطابق تربیلا میں آج پانی کا ذخیرہ 59 لاکھ 80 ہزار ایکڑ فٹ اور منگلا میں آج پانی کا ذخیرہ 73 لاکھ 56 ہزار ایکڑ فٹ ہے جبکہ تربیلا میں پانی کی آمد2لاکھ 33 ہزار600 ،اخراج 2لاکھ 4400 کیوسک اور منگلا میں پانی کی آمد 1لاکھ 49400 کیوسک، اخراج 10 ہزارکیوسک ہے۔
واپڈا کے مطابق چشمہ میں پانی کی آمد 2 لاکھ 16100،اخراج 2 لاکھ 35500 کیوسک ہے اور ہیڈ مرالہ پر پانی کی آمد2 لاکھ 55400، اخراج 2 لاکھ 50400 کیوسک ہے۔ترجمان کے مطابق کے مطابق دریائے چناب میں ہیڈمرالہ خانکی اور قادرآباد کے مقام پر اونچے درجے سیلاب ہے جبکہ نوشہرہ کے مقام پردریائے کابل میں پانی کی آمد،اخراج46 ہزار600 کیوسک ہے اور چشمہ میں آج پانی کا ذخیرہ 98ہزار ایکڑ فٹ ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ گزشتہ برس ربی سیزن کے دوران 49 فیصد پانی کی کمی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ تاہم اب رواں سال پانی کے ذخائر میں ریکارڈ اضافے سے 80 فیصد سے زائد پانی کی ضروریات پوری کر لی جائیں گی۔ بتایا گیا ہے کہ پانی کے ذخائر بھر جانے اور ربی سیزن کے دوران پانی کی مطلوبہ مقدار دستیاب ہونے سے پاکستانی معیشت کو 900 ارب روپے کا فائدہ ہوگا۔