اسلام آباد میں خطرناک سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ، ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا

  • September 1, 2020, 10:35 pm
  • Weather News
  • 180 Views

اسلام آباد میں خطرناک سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ، ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا، وفاقی دارالحکومت کے 5 علاقے خطرناک قرار، ضلعی انتظامیہ نے ہسپتالوں سمیت تمام اداروں کوبھی ہائی الرٹ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد سمیت ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں اگلے دو روز کے دوران تیز بارشوں کے باعث شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ اورندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ظاہر کیا گیا ہے، ممکنہ صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی اور اسلام آباد میں وقفے وقفے سے تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
وفاقی دارالحکومت کی ضلعی انتظامیہ نے اسلام آباد کے 5 علاقوں میں بارش کے سبب سیلاب کے خدشے کے پیش نظر ریڈ الرٹ جاری کردیا ہے۔ اسلام آباد میں غوری ٹاؤن فیز5، سواں گارڈن، آئی 8 اور آئی 9 میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ نالہ کورنگ کے اطراف آبادیوں میں بھی سیلاب کا خدشہ ہے۔

جبکہ اسلام آباد میں قائم کچی آبادیوں میں بھی سیلاب آ سکتا ہے۔ اس تمام صورتحال میں ضلعی انتظامیہ نے ہسپتالوں سمیت تمام اداروں کوبھی ہائی الرٹ کر دیا ہے۔ دوسری جانب حکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، گلگت بلتستان ، خیبرپختونخواہ اور پنجاب کے بیشتر علاقوں میں مزید موسلادھار بارش متوقع ہے۔ شدید بارش سے منگل اورجمعرات کو شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ اورندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔ اس صورتحال میں محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ تمام متعلقہ ادارے الرٹ رہیں۔