چین کی مدد کی وجہ سے ایک ہفتے کے دوران پاکستانی روپے کی قدر میں 2 فیصد اضافہ ریکارڈ

  • September 1, 2020, 10:37 pm
  • Business News
  • 153 Views

چین کی مدد کی وجہ سے ایک ہفتے کے دوران پاکستانی روپے کی قدر میں 2 فیصد اضافہ ریکارڈ، دوست ملک کی جانب سے 1 ارب ڈالرز استعمال کرنے کی اجازت دیے جانے کے بعد ڈالر کی قیمت میں ایک ہفتے کے دوران 3 روپے کی کمی، قرضوں کے بوجھ میں 300 ارب روپے کی کمی ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے دوست پڑوسی ملک چین کی جانب سے ایک ارب ڈالرز استعمال کرنے کی اجازت دیے جانے کے بعد ملکی کرنسی مارکیٹ میں پاکستانی روپے کی قدر میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے گزشتہ ماہ سعودی عرب کو 1 ارب ڈالرز کا قرض واپس کیا گیا تھا، جس کے بعد ملکی زرمبادلہ ذخائر میں کمی واقع ہوئی۔ تاہم اس صورتحال میں چین نے مدد کا ہاتھ آگے بڑھایا اور پاکستان کو 1 ارب ڈالرز فراہم کر دیے۔
چین کی جانب سے فراہم کردہ 1 ارب ڈالرز سے ناصرف ملکی زرمبادلہ ذخائر مستحکم رہے، بلکہ ڈالر کی قیمت میں بھی کمی ہوئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ملکی کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 3 روپے سے زائد کی کمی ہوئی ہے۔ 25 اگست کو پاکستان کی کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 168 روپے 50 پیسے تھی، جو اب 165 روپے 30 پیسے کی سطح پر آگئی ہے۔ یوں ایک ہفتے کے دوران ڈالر کی قیمت میں 3 روپے 20 پیسے کی کمی ہوئی ہے۔ پاکستانی روپے کی قدر میں اضافے سے ملکی قرضوں کے بوجھ میں بھی 300 ارب روپے سے زائد کی کمی ہوئی ہے۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں اگر ملکی زرمبادلہ ذخائر مستحکم رہے، تو اس باعث ڈالر کی قیمت میں مزید کمی آئے گی۔ ڈالر کی قیمت میں کمی سے سب سے بڑا فائدہ مہنگائی میں کمی کی صورت میں سامنے آئے گا۔