دھرنے میں سرکاری ٹی وی کی طرف جانے کا فیصلہ کنٹینر پر ہوا، شیخ رشید

  • September 2, 2020, 12:14 pm
  • Political News
  • 161 Views

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ دھرنے میں سرکاری ٹی وی کی طرف جانے کا فیصلہ کنٹینر پر ہوا جس سے جاوید ہاشمی خفا ہوگئے۔ ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو میں انہوں نے کہا کہ دھرنے کے وقت عمران خان فیصلہ کرکے گھر سے نکلے تھے کہ نواز حکومت کو گراناہے،۔شیخ رشید نے بتایا کہ انہوں نے اس حوالے سے ایک کتاب بھی لکھی ہے جس کتاب میں ساری باتیں حقائق پر مبنی ہیں ان سے کسی کو کوئی مشکلات نہیں ہوں گی۔
اپنی کتاب لال حویلی سے اقوام متحدہ تک میں اپنی 50 سالہ سیاست کے متعدد اہم واقعات سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہاہے کہ طاہرالقادری اور عمران خان کی لندن ملاقات میں معاملات طے پائے تھے،آزادی مارچ پر گوجرانوالہ میں حملہ ہوا تو عمران خان نے کنٹینر سے چوہدری نثار کو فون کیا، عمران خان اپنی تحریک طاہرالقادری کی تحریک سے الگ اور منفرد رکھنا چاہتے تھے۔
تفصیلات کے مطابق شیخ رشید کی352 صفحات کی کتاب میں 31 تصاویر اور 12 ابواب شامل ہیں۔سابق وزیراعظم نواز شریف کے دور حکومت میں دھرنوں کے حوالے سے وفاقی وزیر نے انکشاف کیاکہ دھرنے سے متعلق طاہر القادری اور عمران خان کے درمیان لندن میں معاملات طے پائے تھے، آزادی مارچ پر گوجرانوالہ میں حملہ ہوا تو عمران خان نے کنٹینر سے چوہدری نثار کو فون کیا، عمران خان اپنی تحریک طاہرالقادری کی تحریک سے الگ اور منفرد رکھنا چاہتے تھے۔
انہوں نے کہاکہ 34ارکان تحریک انصاف نے اسمبلی سے استعفیٰ دیا تو سیاسی زلزلہ آگیا، قومی اسمبلی اور ٹی وی اسٹیشن جانے کا فیصلہ کنٹینر میں ہوا، جس سے جاوید ہاشمی متفق نہیں تھے تاہم عمران خان ہر حالت میں نواز حکومت گرانا چاہتے تھے، عمران خان نے انگلی اٹھانے کا اشارہ کیا تو میں نے آئندہ ایسے اشارے نہ کرنے کا مشورہ دیا۔شیخ رشید نے لکھا کہ عمران خان جو فیصلہ کر لیں پھر وہ نتائج کی پرواہ کیے بغیر پیچھے نہیں ہٹتے، دھرنے میں عمران خان نے چینی سفیر کو پیغام بھیجا کہ چینی صدر پاکستان آئیں تو وہ راستہ کلیئر دیں گے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ لکھتے ہیں کہ جھوٹا الزام لگانا سیاست کی توہین سمجھتا ہوں، نواز شریف میری پٹیشن پر پاناما کیس میں نااہل ہوئے، سپریم کورٹ کے حکم سے شاہد خان عباسی کے خلاف ایل این جی کیس چیئرمین قومی احتساب بیورو(نیب)کو دیا۔سابق فوجی آمر جنرل (ر)پرویز مشرف کے حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ وہ وردی کے بغیر صدر بننا چاہتے تھے، چوہدری برادران بینظیر بھٹو کو قومی مفاہمتی آرڈیننس (این آراو)دینے کے حق میں نہیں تھے، پرویزمشرف انہیں این آراونہ دیتے تو آج ان کایہ حال نہ ہوتا، وقت نے پرویز مشرف کا مقف غلط اور چوہدریوں کا درست ثابت کیا۔
شیخ رشید لکھتے ہیں کہ پیپلزپارٹی کی عدم پیروی کے باعث بینظیر کے حقیقی قاتل باعزت بری ہوئے، یہ درست نہیں کہ بینظیر کے قتل سے قبل آصف زرداری سے ان کے تعلقات کشیدہ تھے، بینظیر نے قتل سے 24 گھنٹے قبل جن شخصیات پر شک کا اظہار کیا ان کے خلاف مقدمہ درج نہیں ہوا۔انہوں نے لکھا کہ پاکستان این پی ٹی پر دستخط کر لیتا تو امریکا ایٹمی تنصیبات گھیرے میں لے سکتا تھا، پرویز مشرف اور ڈاکٹر عبدالقدیر کی ملاقات میں معاملات خوش اسلوبی سے طے پا گئے تھے، ڈاکٹر عبدالقدیر نے ملاقات کے بعد جو بیان دیا وہ ان کا اپنا تھا جس پروہ معذرت کر چکے ہیں۔
شیخ رشید نے لکھا ہے کہ میں نے آٹھویں جماعت کی عمر میں خود کشی کی ناکام کوشش کی، مری کی سیر سے تاخیر سے گھر پہنچا، پٹائی ہوئی تو خودکشی کا ارادہ کیا،خود کشی کیلئے زہر نہ ملا تو بستر کی چادر پھندا بنا کر پنکھے سے لٹک گیا، شور مچانے پر بھائی نے کمرے کا دروازہ توڑ کر مجھے خودکشی سے بچایا۔